کورونا وائرس کا 99 سالہ مریض شفایاب
’حیرت کی بات یہ ہے کہ معمر مریض کے ساتھ اس کا 45 سالہ بیٹا بھی کورونا کا شکار تھا جو ہلاک ہوگیا‘ ( فوٹو: سبق)
الجزائر میں 99 سالہ کورونا کا مریض شفایاب ہوگیا ہے۔ قرنطینہ میں زیر علاج رہنے کے بعد کل یعنی اتوار کو ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر انہیں گھر جانے کی اجازت دی گئی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق الجزائری صوبے البویرہ میں محکمہ صحت کے سربراہ محمد العایب نے کہا ہے کہ ’معمر مریض کا نام مسعود ہے، وہ مکمل شفایاب ہو گئے ہیں۔'
انہوں نے کہا ہے کہ ’مریض نے طبی عملے کو حیرت زدہ کر دیا، ان کی قوت مدافعت انتہائی مضبوط تھی جس نے وائرس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’حیرت کی بات کی یہ ہے کہ مریض کے ساتھ ان کا 45 سالہ بیٹا بھی کورونا کا شکار تھا مگر وہ وائرس کا مقابلہ کرنے میں ناکام ہو کر ہلاک ہو گیا ہے‘۔
محکمہ صحت کے سربراہ کے بقول ’اعداد و شمار کے مطابق مذکورہ مریض الجزائر کا سب سے معمر مریض تھا جن کے علاج میں طبی ٹیم نے خصوصی دلچسپی دکھائی تھی‘۔
واضح رہے کہ الجزائر میں اتوار تک کورونا کے باعث 425 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد 3385 سے تجاوز کر گئی ہے۔