Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا میں کورونا وائرس کے 30 لاکھ متاثرین

یورپ اور امریکہ میں وائرس کے باعث زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔ فوٹو: اے ایف پی
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 30 لاکھ سے بڑھ گئی ہے جبکہ ہلاکتیں دو لاکھ نو ہزار سے زائد ہو چکی ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دنیا کی مختلف حکومتوں کے جاری کردہ سرکاری اعداد وشمار کے مجموعے کے تحت عالمی وبا سے اب تک 30 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 80 فیصد کا تعلق یورپ اور امریکہ سے ہے۔
اے ایف پی کے مطابق یورپ میں 13 لاکھ 93 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ایک لاکھ 26 ہزار سے زیادہ اموات کی یورپی ملکوں کی حکومتوں نے سرکاری طور پر تصدیق کی۔

 

امریکہ میں مرنے والوں کی تعداد 55 ہزار سے زائد ہے جبکہ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق نو لاکھ 80 ہزار سے زائد شہری عالمی وبا سے متاثر ہوئے۔
اے ایف پی کے مطابق عالمی وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد زیادہ ہو سکتی ہے کیونکہ بہت سے ملکوں کے پاس ٹیسٹنگ کٹس کی کمی ہے اور وہ محدود پیمانے پر مریضوں کے ٹیسٹ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر کے وسط میں چین کے شہر ووہان سے پھوٹنے والی عالمی وبا نے دنیا بھر کو لپیٹ میں لیا ہے جس کے باعث ملکوں نے لاک ڈاؤن کر کے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات کیے۔

شیئر: