Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نوکیا کا انڈیا کی ایئرٹیل کے ساتھ ایک ارب ڈالر کا معاہدہ

انڈیا دنیا میں ٹیلی کام کی دوسری بڑی مارکیٹ ہے۔ فائل فوٹو: روئٹرز
موبائل فون بنانے والی دنیا کی بڑی کمپنی نوکیا نے انڈیا میں مقامی سیلولر کمپنی ایئر ٹیل کے ساتھ ایک ارب ڈالر کا معاہدہ کیا ہے کے تحت آئندہ برسوں میں دنیا کی دوسری بڑی ٹیلی کام مارکیٹ میں فائیو جی ٹیکنالوجی کو متعارف کرایا جائے گا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فون نیٹ ورک کے آلات بنانے والی فن لینڈ کی کمپنی نوکیا نے کہا ہے کہ وہ اس معاہدے کے تحت انڈیا کی سب سے بڑے سیلولر نیٹ ورک آپریٹ کرنے والی کمپنی کی صلاحیت اور استعداد کار بڑھائے گی۔
منگل کو اس معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے نوکیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر راجیو سوری نے کہا کہ انڈیا دنیا بھر میں ٹیلی کام کی بڑی مارکیٹوں میں سے ایک ہے اور یہ معاہدہ ملک میں روابط کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
اے ایف پی کے مطابق انڈیا کی آبادی ایک ارب 30 کروڑ ہے اور ملک کا شمار دنیا کی دوسری بڑی ٹیلی کام مارکیٹ میں ہوتا ہے۔
نوکیا کے لگائے گئے تخمینے کے مطابق انڈیا کی مارکیٹ اگلے پانچ برسوں میں بڑھے گی اور موبائل صارفین کی تعداد 92 کروڑ تک پہنچ جائے گی۔ کمپنی کے مطابق لوگ اب رابطوں کے لیے آن لائن نظام کو ترجیح دینے لگے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے انڈسٹری کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایک ارب ڈالر کے اس معاہدے کے تحت نوکیا انڈیا میں سال 2022 تک تین لاکھ نئے ریڈیو یونٹس لگائے گا جس سے ملک کو فائیو جی ٹیکنالوجی کی طرف جانے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا کی بڑی کمپنی فیس بک نے انڈیا کی ایک نجی کمپنی کے آن لائن پلیٹ فارم پر پانچ ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا تھا۔ 
فیس بک اور انڈیا کی کمپنی کے اس اشتراک کا مقصد انڈیا میں چھوٹے کاروبار کو ڈیجیٹل معیشت میں جگہ بنانے کا موقع فراہم کرنا تھا۔ 
 

 

شیئر: