Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیل نرخوں کا بحران: 'سعودی عرب سرخرو ہوکر نکلے گا'

امریکی جریدے فارن پالیسی نے تجزیاتی رپورٹ شائع کی ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
امریکی جریدے فارن پالیسی  نے اپنی تازہ تجزیاتی رپورٹ میں کہا ہے کہ تیل نرخوں کے بحران سے صرف سعودی عرب سرخرو ہوکر نکلے گا۔
دنیا بھر میں تیل پیدا کرنے اور برآمد کرنے والے ملکوں میں سعودی عرب واحد ملک ہے جس کے پاس تیل کے حالیہ بحران سے نجات پانے کی معتبر ضمانتیں موجود ہیں۔
الوطن اخبار نے امریکی جریدے کی رپورٹ کے حوالے سے کہا کہ ایسا لگتا ہے سعودی عرب کورونا کی وبا سے اقتصادی اور سیاسی اعتبار سے واحد مضبوط ریاست کے طور پر ابھرے گا۔
فارن پالیسی کی رپورٹ امریکی قومی سلامتی کونسل کے سابق ڈائریکٹر اور امریکہ کے سابق صدر باراک اوباما کے ذاتی معاون جیسن بورڈوف نے تیار کی ہے۔
امریکی ماہر کا کہنا ہے کہ تیل منڈی کے حالات بتا رہے ہیں کہ آخر میں تیل کی آمدنی بڑھے گی۔ تیل منڈی میں استحکام آتے ہی اس کا سب سے بڑا حصہ دار سعودی عرب ہوگا۔ تیل منڈی میں استحکام تیل پیداوار میں کمی کی بدولت آئے گا۔

تیل منڈی میں استحکام آتے ہی سب سے بـڑا حصہ دار سعودی عرب ہوگا۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)

امریکی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ابھی تک مستقبل کے بارے میں تیل کی طلب کے حوالے سے کوئی حتمی بات نہیں کہی جاسکتی۔ اس کے امکانات بے شک ہیں کہ جلد ہی تیل کی طلب میں اضافہ ہوگا۔
امریکی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تیل کے بھاری نرخوں سے سعودی عرب کےعلاوہ خلیج کے دیگر ممالک اور روس کو بھی فائدہ ہوگا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب نے تیل کی پیداوار میں کمی کو یقینی بنانے کے لیے خریداروں اور تیل پیدا کرنے والے ممالک کے ساتھ یکجہتی پیدا کرلی ہے۔

شیئر: