Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطر میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے خصوصی پروازیں

بیروزگار پاکستانیوں سے واپسی کا کرایہ نہیں لیا جائے گا۔ فوٹو اے ایف پی
وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے قطر سے پانچ ہزار پانچ سو پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔
ان کے مطابق آئندہ دو ہفتوں میں پانچ پروازیں چلائی جائیں گی جن کے ذریعے قطر میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا۔
 زلفی بخاری نے  ٹیلی کانفرنس کے ذریعے قطر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں کہا کہ متحدہ عرب امارات سے بیروزگار پاکستانیوں کو مفت واپس لائے جانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
ان افراد کے سفری اخراجات ان کی متعلقہ کمپنیاں ہی ادا کریں گی۔
زلفی بخاری نے زور دیا کہ فلائٹ میں سیٹ کی فراہمی میرٹ کی بنیاد پر ہی کی جائے۔
زلفی بخاری کے مطابق عرب امارات میں مقیم 700 پاکستانی بیروزگار ہوئے ہیں جن سے واپسی کا کرایہ نہیں لیا جائے گا۔ ان بیروزگار افراد کو وطن واپسی پر 'کامیاب جوان پروگرام' کے تحت روزگار بھی دیا جائے گا۔ 
معاون خصوصی نے  قطر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو بتایا کہ اگلے چند دنوں میں دو اہلکاروں کو ویلفیئر اتاشی کے طور پر قطر بھیجا جائے گا۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 21 مارچ سے 6 مئی تک بیرون ممالک سے 19 ہزار 329 پاکستانیوں کو واپس لایا گیا۔ ان کے علاوہ ایک لاکھ 8 ہزار 592 پاکستانی ابھی بھی وطن واپسی کے منتظر ہیں۔

معاون خصوصی زلفی بخاری کے مطابق 700 پاکستانی عرب امارات میں بیروزگار ہوئے ہیں۔

بیان کے مطابق چوتھے مرحلے میں یکم مئی سے 5 مئی تک چھ خصوصی پروازیں چلائی گئی تھیں جن کے ذریعے دبئی سے ایک ہزار 122، قطر سے 252، بحرین سے 111 اور سوڈان سے 252 افراد وطن واپس پہنچے ہیں۔
عائشہ فاروقی کے مطابق کینیا سے221، برطانیہ سے 273، سری لنکا سے 14، کوریا سے 132 اورانڈیا سے 193 افراد پاکستان واپس آئے ہیں جبکہ تبلیغی جماعت کے 762 افراد کو مختلف ممالک سے واپس لایا گیا۔

شیئر: