ہر شہر کے اشتہارات کی اپنی پہچان ہوگی (فوٹو، سوشل میڈیا)
سعودی عرب نے بیرونی اشتہارات جدید انداز میں پیش کرنے کی تیاریاں شروع کردیں- شہروں کی سڑکوں، چوراہوں اور نمایاں مقامات سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا-
سعودی کابینہ نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب سعودی شہروں میں بیرونی اشتہارات کی نئی حکمت عملی کی منظوری دیتے ہوئےاشتہارات کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کے دروازے کھول دیے-
عربی روزنامہ الشرق الاوسط کے مطابق سال رواں کے قومی بجٹ میں اشتہارات کو نمایاں جگہ دی گئی ہے-
بجٹ کی پہلی سہ ماہی کی رپورٹ پیش کی گئی تو اس میں اشتہارات سے ہونے والی آمدنی کا خاص طور پر تذکرہ کیا گیا-
بتایا گیا کہ2019 کی پہلی سہ ماہی میں اشتہارات سے جتنی آمدنی ہوئی تھی اس کے مقابلے میں سال رواں کی پہلی سہ ماہی میں پانچ فیصد آمدنی زیادہہوئی ہے- اشتہارات سے23 ارب ریال کی آمدنی ریکارڈ کی گئی-
سعودی عرب کی میونسپلٹیوں اور بلدیاتی کونسلوں نے عندیہ دیا ہے کہ سال رواں کی دوسری ششماہی سے اشتہارات کی نئی حکمت عملی تدریجی طور پر نافذ کی جائے گی-
قائم مقام وزیر بلدیات و دیہی امور ماجد الحقیل نے توجہ دلائی کہ اشتہارات کی نئی حکمت عملی سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے- بیرونی اشتہارات کا شعبہ کھلنے سے مملکت کی اشتہارات کی مارکیٹ پرکشش بن جائے گی-
نئی حکمت عملی میں تین امور کا خیال رکھا گیا ہے- میونسپلٹیوں کو دائمی آمدنی کا ذریعہ حاصل ہو- سعودی عرب کے بڑے شہروں میںاشتہارات کے ڈیجیٹل بورڈ تیار ہوں اور اشتہارات شہر کے حسن کو دوبالا کرنے کا باعث بنیں-
الحقیل نے توجہ دلائی کہ نئی حکمت عملی میں اس بات کا بھی لحاظ رکھا گیا ہے کہ ہر شہر کے لیے اشتہارات کی اپنی ایک پہچان ہو- سعودی عرب کے تمام شہروں میں اشتہارات کا انداز، مزاج یکساں شکل میںنہیں ہوگا-
نئی حکمت عملی کے تحت یہ بات طے کی گئی ہے کہ بیرونی اشتہارات میں سرمایہ کاری کی انتہائی حد 5 برس سے بڑھا کر دس برس تک کردی گئی ہے-
بیرونی اشتہارات کی مارکیٹ کا دائرہ وسیع کرنے کا یہ سلسلہ ایسے وقت میں شروع کیا جارہا ہے جبکہ سعودی وژن 2030 کے مطابق مملکت بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ، میٹرو اور عظیم الشان ترقیاتی منصوبے مکمل ہونے جارہے ہیں-
سعودی اشتہارات کی منڈی کا سالانہ حجم 2 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے-