چھوٹی دکانیں کھولنے کی اجازت ہے، تاہم شاپنگ مالز نہیں کھلیں گے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے صوبہ پنجاب نے ایک دفعہ پھر صوبے بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں توسیع کر دی یے۔ تاہم اس مرتبہ جاری کیے گئے حکم نامے کے مطابق مزید فیکٹریوں اور دکانوں کو کھولنے اجازت دی گئی ہے۔
اردو نیوز کو موصول ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام چھوٹی دکانوں کو کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے تاہم شاپنگ مالز نہیں کھلیں گے۔
نوٹیفیکشن کے مطابق کنسٹرکشن سیکٹر، سٹیل کا کاروبار، بجلی کی مصنوعات، پینٹ انڈسٹری، سینٹری، سٹیل اینڈ ایلومینیم ورک اور ہارڈ سٹوز کو کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
تمام فیکٹریوں بشمول ایکسپورٹ انڈسٹری کو بھی کام کرنے کی اجازت ہو گی اسی طرح تمام ریٹیل دکانیں بھی کھولی جا سکیں گی تاہم بڑے شاپنگ مالز بند رہیں گے۔
اسی طرح حجام کی دکانیں اور باڈی بلڈنگ کلبز کو بھی کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
نوٹیفیکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مذکورہ کاروبار کھولنے کی اجازت ہفتے میں صرف 4 روز صبح 8 سے شام 5 بجے تک ہوگی۔
دوسرے لفظوں میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاون رہے گا۔ جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ، تعلیمی ادارے، ریستوران، ہوٹلز اور سینما گھر بند رہیں گے۔
پنجاب حکومت صوبے میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے لاک ڈاؤن کھولنے کے حوالے سے شش و پنج کا شکار تھی۔
پنجاب حکومت کے لیے کورونا وائرس کے حوالے سے اصل مسئلہ وہ چار شہر ہیں جو کورونا کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ ان چار شہروں میں صوبائی دارالحکومت لاہور، راولپنڈی، گجرات اور گجرانوالہ شامل ہیں۔
لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے کے حوالے سے جمعے کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم مومن علی آغا کی سربراہی میں ایک طویل اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں کور کمانڈ لاہور لیفٹننٹ جنرل ماجد احسان نے بھی شرکت کی تھی۔
اجلاس کے بعد ایک مختصر اعلامیے میں صرف یہ بتایا گیا تھا کہ ’کورونا کیسز کے بڑھنے پر سول و عسکری حکام میں تشویش پائی جاتی ہے۔ اسی لیے لاہور اور دیگر شہروں میں کورونا کی روک تھام کے لیے خصوصی پالیسی بنائی جائے گی۔‘
پنجاب کے محکمہ داخلہ کے ایک اعلی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا تھا کہ اجلاس میں یہ طے پایا کہ پنجاب لاک ڈاؤن کے حوالے سے وفاق سے مختلف پالیسی اپنائے گا۔
افسر نے مزید کہا تھا کہ ’اجلاس میں صوبائی دارالحکومت میں کاروبار کو تین دن مکمل بند رکھنے، لاک ڈاؤن کی مدت کو بڑھانے اور وہ اضلاع جہاں کورونا کے مریض کم ہیں یا حالات کنٹرول میں ہیں، وہاں لاک ڈاون میں نرمی کرنے کا جائزہ لیا گیا۔‘