امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے 10 دن سے اینٹی ملیریا دوا ہائیڈروکسی کلوروکوئین استعمال کر رہے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی حکومت کے ماہرین کہہ چکے ہیں کہ کلوروکوئین کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے موزوں نہیں ہے۔
امریکی صدر کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا اور ان پر کوئی علامات بھی ظاہر نہیں ہو رہیں لیکن ان کا کہنا ہے کہ وہ یہ دوا احتیاطی تدبیر کے طور پر لے رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’میں روزانہ ایک گولی کھاتا ہوں۔‘

اُن سے پوچھا گیا کہ وہ ایسا کیوں کرتے ہیں تو صدر ٹرمپ کا جواب تھا ’کیونکہ یہ اچھی ہے۔ میں نے اس کے بارے میں بہت اچھی خبریں سن رکھی ہیں۔‘
واضح رہے کہ امریکی صدر نے کلوروکوئین کو کورونا وائرس کے علاج کے لیے ’موثر‘ قرار دیا تھا لیکن ماہرین اور ڈاکٹرز نے کہا تھا کہ یہ دوا کورونا وائرس کے مریضوں پر کام نہیں کرتی اور اس کا استعمال ’محفوظ نہیں ہے۔‘
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی مالی امداد مستقل طور پر بند کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کو خبردار کیا ہے کہ اگلے 30 دنوں میں خاطر خواہ بہتری نہ لائی گئی تو امریکی فنڈنگ مستقل طور پر بند کردی جائے گی۔
مزید پڑھیں
-
عالمی ادارہ صحت کے فنڈز روکنے پر صدر ٹرمپ کو تنقید کا سامناNode ID: 472066
-
چین کی ویکسین پوری دنیا کے لیے ہوگی: صدر شی جن پِنگNode ID: 479726
-
امریکہ میں 15 لاکھ مریض، نئی ویکسین کا حوصلہ افزا تجربہNode ID: 479786
صدر ٹرمپ اپریل کے وسط میں عالمی ادارہ صحت پر چین کی طرفداری کا الزام عائد کرکے فنڈز کی فراہمی معطل کر چکے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے ڈبلیو ایچ ار پر نہ صرف چین کے قریب ہونے بلکہ کورونا وائرس سے متعلق حقائق چھپانے کا الزام بھی لگایا تھا۔
صدر ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم کو فنڈز کی معطلی کے حوالے سے لکھے گئے خط کی تصاویر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اگر آئندہ 30 دنوں میں ڈبلیو ایچ او نے خاطر خواہ بہتری نہ دکھائی تو فنڈز کی عارضی معطلی کو مسقل کر دیا جائے گا۔
This is the letter sent to Dr. Tedros of the World Health Organization. It is self-explanatory! pic.twitter.com/pF2kzPUpDv
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) May 19, 2020
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکہ عالمی ادارہ صحت میں اپنی رکنیت پر بھی نظر ثانی کرے گا۔
صدر ٹرمپ نے خط میں لکھا کہ ڈبلیو ایچ او نے کورونا کی وبا سے نمٹنے میں کوتاہیاں کیں اور وبا پھوٹنے کے بعد ابتدائی رپورٹس کو نظر انداز کیا تھا۔
انہوں نے عالمی ادارے کے سربراہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اور ان کے ادارے نے بار بار غلط اقدامات کیے جس کی وجہ سے دنیا کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کے پاس واحد راستہ یہی ہے کہ وہ چین کے اثر سے آزاد ہو کر خودمختار حیثیت میں اپنا کردار نبھائے۔
