سپریم کورٹ نے شاپنگ مالز اور مارکیٹیں کھولنے کا حکم دیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں ملک بھر میں شاپنگ مالز اور چھوٹی بڑی تمام مارکیٹیں ہفتے کے سات روز کھولنے کی اجازت دی گئی یے۔ اس کے علاوہ پاکستان میں عید کے لیے 20 سے 30 مئی تک ٹرینیں بھی چلانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے تاہم سندھ اور بلوچستان حکومت نے ٹرینیں چلانے کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
سپریم کورٹ کے احکامات سے قبل حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے کچھ شعبوں کو قواعد و ضوابط کے ساتھ کاروباری سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دی تھی تاہم شاپنگ مالز، بڑی مارکیٹوں اور پبلک ٹرانسپورٹ وغیرہ پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کے بعد اب کیا کیا بند ہوگا؟
ملک میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے حوالے سے صوبے اپنی خود مختاری کے تحت فیصلے لے رہے ہیں لیکن کچھ شعبے ایسے بھی ہیں جن پر پورے ملک میں مکمل پابندی عائد ہے۔
تعلیمی ادارے بند
پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے باعث تمام تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور طلبہ کے امتحانات کے حوالے سے بھی پالیسی وضع کی جا چکی ہے۔
شادی ہالز/مارکیز
پاکستان کے چاروں صوبوں اور وفاق میں شادی ہالز اور مارکیز مکمل طور پر بند ہیں اور گھروں میں بھی شادی بیاہ کے اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
سینیما ہالز
لاک ڈاؤن میں نرمی کے لیے صوبے خود مختار فیصلے کرتے ہوئے کچھ شعبوں کو کھولنے کی اجازت دے رہے ہیں لیکن سینیما ہالز پر تمام صوبوں نے ابھی تک متفقہ پالیسی اپناتے ہوئے انہیں بند رکھا ہوا ہے۔
عوامی اجتماعات
لاک ڈاؤن میں بیشترکاروباری سرگرمیوں پر اگرچہ بندش ختم کر دی گئی ہے لیکن ملک بھر میں کسی قسم کے بھی عوامی، سیاسی یا مذہبی اجتماعات پر اب بھی پابندی ہے۔ عبادت گاہوں کو طے شدہ ضابطہ کار کے تحت کھولا گیا ہے۔
کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ریستوران بند
ملک بھر میں کھیلوں کی ہر طرح کی سرگرمیاں تاحکم ثانی معطل رہیں گی۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد ریستوران اور ہوٹلز کھولنے کی اجازت نہیں دی گئی تاہم ٹیک اویز اور ہوم ڈیلوریز کی سہولت فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہوٹل مالکان کو ضابطہ کار کے تحت صرف ہوم ڈیلوریز اور ٹیک اویز تک محدود کاروبار کرنے کی اجازت ہے۔
پبلک ٹرانسپورٹ
پنجاب اور خیبر پختونخوا حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کی اجازت دی ہے تاہم وفاق، سندھ اور بلوچستان میں پبلک ٹرانسپورٹ پر تاحال پابندی عائد ہے۔
بین الاقوامی پروازیں
حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بین الاقوامی فضائی آپریشن پر 31 مئی تک پابندی عائد کر رکھی ہے تاہم ڈومیسٹک اور خصوصی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔