Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پانی کا بل کیسے کم کریں؟

سعودی عرب پانی کے فی کس استعمال میں دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے.فوٹو ٹوئٹر)
سعودی نیشنل واٹر کمپنی کے چیئرمین انجینیئر محمد الموکلی نے کہا ہے کہ زیر زمین آبی ذخائر کے تحفظ اور پانی کی لاگت کم کرنے کا واحد حل کفایت شعاری ہے. تمام صارفین پانی کو انمول نعمت سمجھ کر استعمال کریں.
اخبار 24 کے مطابقانجینیئر محمد الموکلی نے  ٹی وی پروگرام میں کہا کہ سعودی حکومت ایک مکعب میٹر پانی پر جو شہری کو اس کے گھر پر آسانی سے مل رہا ہے دس ریال خرچ کررہی ہے جبکہ  شہری ایک مکعب میٹر پانی پر آنے والی لاگت کا صرف پچیس فیصد بل کے طور پر ادا کررہا ہے.
انہوں نےمزید کہا کہ سعودی عرب پانی کے فی کس استعمال میں امریکہ اور کینیڈا کے بعد دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے.
 اگر مقامی شہریوں نے پانی خرچ کرنے کا اپنا طریقہ تبدیل نہ کیا اور اسی طرح حد سے زیادہ پانی خرچ کرتے رہے تو آئندہ ایام میں پانی کا بل بہت زیادہ بڑھ جائے گا اور یہ ہمیشہ  زیادہ ہی آئے گا جبکہ حکومت کو پانی  تیار کرنے اور تقسیم کرنے کے لیے مسلسل بھاری سرمایہ لگاتے رہنا ہوگا.
انہوں نے کہا کہ کھارے پانی کو استعمال  کے قابل بنانے کے لیے  پٹرول اور گیس خرچ ہوتی ہے.
سعودی نیشنل واٹر کمپنی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ قومی تبدیلی پروگرام 2020 اور سعودی وژن 2030 کے اہداف پورے کرنے کے لیے مسلسل کوشش کر رہے ہیں.
انہوں نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ خود کو بھی سمجھائیں اور گھر والوں میں بھی پانی کے حوالے سے کفایت شعاری کا شعور بیدار کریں. 10 سے 20 فیصد تک پانی کم خرچ کریں. ایسا کریں گے تو پانی کا بل کم ہوگا اور زیادہ بل کی شکایات نہیں ہوں گی.

شیئر: