پاکستان میں وبا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 482 ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی گئی ہے لیکن کورونا وائرس کے کیسز میں کمی واقع نہیں ہو رہی ہے بلکہ ہر نئے دن کے ساتھ متاثرین اور اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
پاکستان میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے پیر کی صبح جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی کُل تعداد 56 ہزار سے بڑھ چکی ہے اور مرنے والوں کی تعداد 1167 ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 34 اموات ہوئی ہیں اور 1748 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔
پاکستان میں وبا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 482 ہے۔
سندھ میں کیسز کی تعداد باقی صوبوں سے زیادہ 22 ہزار 491 ہے جبکہ ہلاکتیں 367 ہیں۔
آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کل 20 ہزار 77 افراد میں کورونا مثبت آیا اور 337 اموات ہوئی ہیں۔
پاکستان میں سب سے زیادہ اموات صوبہ خیبر پختونخوا میں ہوئیں جن کی تعداد 398 ہے اور کیسز سات ہزار 905 ہیں۔
بلوچستان میں صورت حال کچھ یوں ہے کہ وہاں متاثرین تین ہزار 407 جبکہ 40 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد ایک ہزار 641 اور 16 اموات ہیں۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں متاثرین 209 اور دو ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ گلگت بلتستان میں 619 متاثرین جبکہ سات افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔
کورونا وائرس سے صحت یابی
پاکستان میں کورونا وائرس سے جہاں ہزاروں لوگ متاثر ہو رہے ہیں اور سینکڑوں کی موت ہو رہی ہے وہیں ہزاروں افراد صحتیاب بھی ہو رہے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق پاکستان میں 17 ہزار 482 افراد نے وبا سے شفایابی حاصل کی ہے۔
صوبہ سندھ میں متاثرین کی تعداد بھی ملک میں سب سے زیادہ ہے اور اسی حساب سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بھی باقی صوبوں کے مقابلے میں زیادہ ہے جو 7359ہے۔
پنجاب میں 6091 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں، خیبرپختونخوا میں 2469 اور بلوچستان میں 875 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔