طویل انتظار کے بعد یہ پرلطف لمحات ہونگے (فوٹو، عرب نیوز)
برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ ’کورونا وائرس کے حوالے سے کیے جانے والے احتیاطی اقدامات میں مزید نرمی کی جائے گی جس کے تحت آئندہ ہفتے سے گھر سے باہر 6 افراد تک کے اجتماع کی اجازت ہوگی‘۔
دوسری جانب حکومتی سائنسی امور کے مشیر نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ نئے کورونا وائرس کے حوالے سے ’نازک ‘ موڑ پر کھڑا ہے جہاں روزانہ تقریبا 2 ہزار نئے کیسز کی تصدیق ہو رہی ہے۔
عرب نیوز نے خبررساں ادارے اے پی کے حوالے سے مزید لکھا ہے کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ ’آئندہ پیر سے کنبے اور خاندان یا دوست احباب عوامی مقامات ، پارکس یا نجی تفریحی مقامات پر ملاقاتیں کرسکیں گے‘۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جانس نے کہا کہ ’یقینی طور پر یہ ایک طویل انتظار کے بعد والدین اور دادا،دادی کےلیے انتہائی پرمسرت لمحات ہونگے‘۔
تاہم انہوں نے ملاقات ک حوالے سے زور دیتے ہوئے کہا کہ ’ملاقات میں اس امر کا خاص خیال رکھاجائے کہ باہمی فاصلہ کم از کم 2 میٹر کا ہو ‘۔
برطانوی وزیر اعظم نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ چھوٹی جماعتوں کے طلبا کےلیے بھی تدریسی عمل پیر سے بحال کیاجائے گا علاوہ ازیں بیرونی دکانوں کو بھی کھولنے کی اجازت ہوگی جن میں کارشورمز وغیرہ شامل ہیں۔
حکومت کے سائنسی مشیر پیٹرک والنس کا کہنا تھا کہ’ یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ تمام معاملات درست ہو چکے ہیں ، سب کچھ ٹھیک اور تسلی بخش ہیں‘۔
دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد ؟
جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق اس وقت دنیا میں تصدیق شدہ کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 59 لاکھ 31 ہزار 112 ہے جبکہ کووڈ 19 کی وبا سے اب تک 3 لاکھ 57 ہزار 929 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
کورونا وائرس سے صرف امریکہ میں اب تک ایک لاکھ ایک ہزار 129 اموات ہو چکی ہیں جبکہ برطانیہ میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 37 ہزار 919 تک پہنچ چکی ہے۔
تیسرانمبر فرانس کا ہے جہاں کووڈ 19 سے 28 ہزار 599 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ، برازیل میں ہلاکتوں کی تعداد 25 ہزار 598 تک پہنچ چکی ہے