باربر شاپس اور بیوٹی پارلرز کب کھلیں گے؟
ادارہ صحت عامہ کے مطابق ’گرین مرحلے‘ کا آغاز ابھی نہیں ہوا (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں ادارہ صحت عامہ میں شعبہ وبائی امراض کے معاون سیکریٹری ڈاکٹر عبداللہ عسیری کا کہنا ہے کہ وہ شعبے جہاں سماجی دوری کے اصولوں پر عمل ممکن نہیں انہیں تاحال کھولنے کی اجازت نہیں ہے۔
سبق نیوز کے مطابق ڈاکٹر عسیری نے ٹی وی نیوز چینل الاخباریہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’باربرشاپس یا بیوٹی پارلرز کے علاوہ جم، سپورٹس کلب کو کھولنے کی اجازت اس وقت تک نہیں دی جاسکتی جب تک وبا کا خاتمہ یا اس پر مکمل طور پر قابو نہیں پا لیاجاتا۔‘
ڈاکٹر عسیر کا کہنا تھا کہ وبائی مرض کورونا کے حوالے سے متعلقہ ادارے مسلسل اور باریک بینی سے جائزہ لیے رہے ہیں۔
متعلقہ اداروں کی جانب سے یومیہ بنیادوں پر مریضوں کی کیفیت اور نئے آنے والے مریضوں کو دیکھ کر رپورٹ مرتب کی جاتی ہے جس کے بعد ان اداروں کی جانب سے طریقہ کار وضع کیاجاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’گرین مرحلے‘ کا آغاز ابھی نہیں ہوا۔ اس حوالے سے مسلسل نگرانی کے مراحل جاری ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں۔
ڈاکٹر عبداللہ عسیری نے مزید کہا کہ مذکورہ شعبے جن کی نشاندہی کی گئی ہے ان میں سے بعض شوال کے آخر تک نہیں کھولے جاسکتے کیونکہ بعض معاملات انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں جن میں لوگوں کا براہ راست لمس یعنی ان میں سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کرنا ممکن نہیں ہوتا۔