سعودی محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جمعرات 4 جون کو سعودی عرب کے چار علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ 5 علاقوں میں گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے حد نظر محدود ہوجائے گی۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے بیان میں کہا ہے کہ نجران، جازان، عسیر اور باحہ کے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش کے قوی امکانات ہیں۔
ماہر موسمیات عبدالعزیز الحصینی نے امکان ظاہر کیا ہے کہ سعودی عرب کے متعدد علاقوں میں خصوصا کھلے مقامات پر گرد ٓلود ہوائیں چلیں گی۔
تیز ہوائیں خلیج عرب کے مختلف علاقوں میں چلیں گی خصوصا ریاض ریجن کے مشرقی علاقے اس کی زد میں ہوں گے۔ جون، جولائی کے دوران ہر سال مملکت بھر میں گرد آلود ہوائیں چلتی ہیں۔
الحصینی نے توقع ظاہر کی ہے کہ جمعرات، جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کو عراق، کویت، مشرقی ریجن، مشرقی ریاض، نجران، باحہ اور عسیر کا موسم غیر مستحکم رہے گا۔
ماہر موسمیات کا کہنا ہے کہ عراق، کویت، شرقیہ، حدود شمالیہ، امارات اور قطر میں شمالی تیز ہوائیں چلیں گی جو گرد آلود ہوں گی۔
دریں اثنا مکہ مکرمہ ریجن میں محکمہ شہری دفاع نے سعودی شہریوں اورمقیم غیرملکیوں سے کہاکہ وہ ان دنوں غیرمستحکم موسم کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کا دھیان رکھیں۔
دریں اثنا ماہر موسمیات ڈاکٹر خالد الزعاق کا کہنا ہے کہ بدھ 3 جون سے موسم گرما کی شروعات ہو گئی۔ دن کے وقت سخت گرمی ہوگی اور رات کے وقت موسم معتدل رہے گا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق الزعاق نے ٹویٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر بتایا کہ سعودی عرب میں اس موسم کو ’مربعانیۃ القیظ‘ کہا جاتا ہے۔ یہ چالیس دن تک چلتا ہے صحیح معنوں میں حقیقی گرمی اسی دوران ہوتی ہے۔
سخت گرمی کویت، الاحسا اور الخرج میں بھی پڑے گی۔