Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ اور مکہ میں ملازمین کو گھروں سے کام کی ہدایت

’جدہ میں نجی شعبے کے ملازمین گھروں سے کام کریں گے‘ ( فوٹو: سبق)
وزارت ہیومن ریسورسز نے مکہ مکرمہ اور جدہ میں سرکاری اداروں کے ملازمین کی دفتروں میں حاضری کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ ’وزارت داخلہ کی طرف سے جدہ میں احتیاطی تدابیر میں دوبارہ سختی کے فیصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری و نجی شعبوں کے ملازمین کے لیے نئی ہدایات جاری کی جا رہی ہیں‘۔
’اس ضمن میں مکہ مکرمہ شہر کے تمام سرکاری اداروں کے ملازمین کی دفتروں سے ڈیوٹی کی انجام دہی معطل کی جا رہی ہے‘۔
’یہی ہدایت جدہ کے تمام سرکاری اداروں کے ملازمین کے لیے بھی ہیں کہ وہ گھروں سے کام جاری رکھیں تاہم اس سے اداروں کے سربراہان مستثنی ہیں‘۔
’جدہ اور مکہ کے علاوہ باقی شہروں کے سرکاری ملازمین کے لیے ہدایت ہے کہ ہر ادارے میں کل ملازمین کی تعداد کے حساب سے صرف 50 فیصد دفتروں میں ڈیوٹی دیں گے جبکہ باقی گھروں سے کام کریں گے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’نجی اداروں کے لیے ہدایت ہے کہ جدہ اور مکہ کے علاوہ باقی شہروں میں دفاتر میں کام معمول کے مطابق جاری رہے گا جیسا کہ ابھی ہے‘۔
’البتہ جدہ  میں نجی شعبے کے ملازمین گھروں سے کام کریں گے جیسے پہلے کرفیو کے دوران کیا کرتے تھے‘۔

جدہ اور مکہ کے علاوہ باقی شہروں میں دفاتر میں کام معمول کے مطابق جاری رہے‘ ( فوٹو: سبق)

’سرکاری و نجی شعبے کے تمام دفاتر میں جہاں کرفیو کے اوقات کے علاوہ کام کرنے کی اجازت ہے وہاں تمام تر حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل ہوگا‘۔
واضح رہے کہ جدہ میں احتیاطی تدابیر دوبارہ سختی سے لاگو کرتے ہوئے دوپہر تین بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ کیا گیا ہے، مساجد میں باجماعت نماز معطل کر دی گئی ہے۔

شیئر: