Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت داخلہ: ’ریاض میں بھی سخت کرفیو لگ سکتا ہے‘

ترجمان کا کہنا ہے کہ اعلیٰ کمیٹی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
 سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان طلال الشلھوب نے کہا  ہے کہ جدہ کی طرح ریاض میں بھی دوبارہ سخت کرفیو لگ سکتا ہے۔
 ترجمان کے مطابق ’اگر ریاض میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری رہا اور اس کے نتیجے میں وائرس سے متاثرین کی تعداد بڑھی تو سخت حفاظتی اقدامات دوبارہ کیے جائیں گے‘۔
 سعودی نیوز چینل الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ’وزارت صحت کی سرپرستی میں اعلیٰ کمیٹی مملکت بھر میں کورونا وائرس کی تازہ صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے‘۔
’دارالحکومت ریاض میں کورونا وائرس کی بدلتی صورتحال کا گہرائی سے جائزہ لیا ج ارہا ہے۔ اگر سنگین صورتحال برقرار رہی تو جدہ کی طرح ریاض میں بھی سخت کرفیو بحال کر دیا جائے گا‘۔
 قبال ازیں وزارت داخلہ نے بیان میں کہا  تھا کہ ریاض میں بھی کیسز کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ اس پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے ۔اگر صورتحال اسی طرح گمبھیر رہی تو ریاض میں بھی سخت کرفیو کا فیصلہ لیا جائے گا۔
وزارت داخلہ کے عہدیدار نے بتایا کہ سعودی عرب کے باقی شہروں کی صورتحال جوں کی توں رہے گی وہاں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی۔
وزارت داخلہ کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ  مملکت کے جس بھی علاقے میں سخت کرفیو کی ضرورت پڑے گی مناسب وقت پر اس کا اعلان کر دیا جائے گا۔

جدہ  میں روزانہ سہ پہر تین بجے سے صبح چھ بجے تک مکمل کرفیو رہے گا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

 واضح رہے کہ سعودی وزارت داخلہ نے کورونا کی وبا دوبارہ سنگین ہو جانے اور انتہائی نگہداشت کے شعبوں میں کیسز بڑھ جانے کے پیش نظر محکمہ صحت کے حکام  کی سفارش پر جدہ شہر میں حفاظتی سخت اقدامات بحال کرنے کا فیصلہ کیا۔
جدہ شہر میں سنیچر سے پندرہ دن کے لیے روزانہ سہ پہر تین بجے سے صبح چھ بجے تک مکمل کرفیو رہے گا۔ مساجد میں جماعت سے نماز اور جمعے پر دوبارہ عارضی پابندی عائد کی گئی ہے۔

شیئر: