Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں کورونا کے کیسز کی تعداد اٹلی سے بھی زیادہ

انڈیا میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد چھ ہزار 642 ہو گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کورونا کے مجموعی کیسز کے معاملے میں اٹلی سے آگے نکل کر چھٹے نمبر پر آ گیا ہے۔ انڈیا میں مسلسل کئی دنوں سے روزانہ ریکارڈ تازہ کیسز درج کیے جا رہے ہیں اور گذشتہ تین روز میں متاثرہ مریضوں کی تعداد مستقل طور پر نو ہزار سے زیادہ دیکھی گئی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں 294 افراد کورونا سے ہلاک ہوئے ہیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد چھ ہزار 642 ہو گئی ہے۔
ان 294 میں سے 139 افراد مہاراشٹر جبکہ 58 افراد دہلی اور 35 گجرات میں ہلاک ہوئے ہیں۔اس طرح مجموعی طور پر مہاراشٹر میں دو ہزار 849 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس کے بعد گجرات کا نمبر آتا ہے جہاں ایک ہزار 190 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ دہلی میں 708 اور مدھیہ پردیش میں 384 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
انڈیا کی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ نو ہزار 887 تازہ کیسز سامنے آئے ہیں اور اس طرح یہاں کووڈ 19 سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 36 ہزار ہو گئی ہے اور یہ اٹلی کے مجموعی کیسز دو لاکھ 34 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
اب انڈیا امریکہ، برازیل، روس، سپین اور برطانیہ کے بعد چھٹے نمبر پر آ گیا ہے۔
انڈین حکومت کا کہنا ہے کہ روزانہ ایک لاکھ افراد کی کورونا کی جانچ ہو رہی ہے لیکن ابھی تک یہ بہت محدود پیمانے پر ہے۔

وزیر اعلٰی دہلی کے مطابق کوئی ہسپتال کورونا مریض کو منع نہیں کرے گا (فوٹو: اے ایف پی)

لاک ڈاؤن میں نرمی کی وجہ سے کہا جا رہا ہے کہ یہ دیہی علاقوں میں بھی پھیل رہا ہے۔ مرکزی حکومت نے ریاستی حکومتوں پر ذمہ داری ڈال کر خود کی بچانے کی کوشش کی ہے۔
دریں اثنا دہلی کے وزیر اعلٰی اروند کیجری وال نے سنیچر کو ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ کوئی بھی ہسپتال کووڈ 19 کے کسی بھی مریض کو منع نہیں کرے گا اور ان کا فوری علاج شروع کیا جائے گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ 'اگر ان کی جانچ مثبت آتی ہے تو ان کا کووڈ کے طور پر علاج کیا جائے گا اور اگر منفی جانچ آتی ہے تو انھیں غیر کورونا وارڈ میں منتقل کر دیا جائے گا۔'

شیئر: