جعلی سینیٹائزر کی مارکیٹنگ،غیر ملکی گرفتار
گودام سے جعلی سینیٹائزر کی ایک ہزار بوتلیں برآمد کی گئیں (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب کے ریاض ریجن میں پولیس نے جعلی سینیٹائزر کی مارکیٹنگ کرنے پر ایک غیر ملکی کو گرفتار کر لیا ہے ۔ ملزم کا تعلق عرب ملک سے ہے جوجعل سازی کے لیے معروف برانڈ استعمال کر رہا تھا۔
ویب نیوز عاجل کے مطابق ریاض پولیس کے ترجمان کرنل شاکر التویجری نے بتایا کہ ملزم کی نشاندہی پر اس کے گودام سے جعلی سینیٹائزر کی ایک ہزار بوتلیں برآمد کی گئی ہیں۔
ملزم نے ریاض سے مشرقی علاقے السلی میں اپنا گودام قائم کر رکھا تھا جہاں وہ جعلی سینیٹائزر کی بوتلوں پر معروف برانڈ کے لیبل لگا کر ان کی مارکیٹنگ کیا کرتا تھا۔
ملزم کے خلاف جعل سازی کا مقدمہ درج کر کے اس کے قبضے سے برآمد ہونے والے جعلی سینیٹائزر کے نمونوں کے ساتھ کیس متعلقہ ادارے کے سپرد کر دیا گیا ہے جہاں اس کے خلاف مقدمہ دائر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں جعلی برانڈ کی مصنوعات کی فروخت پر سخت سزا دی جاتی ہے۔ اس حوالے سے وزارت تجارت اور دیگر تفتیشی اداروں پر مشتمل ٹیم مستقل بنیادوں پر مارکیٹوں کا سروے کرتی رہتی ہیں تاکہ جعل سازوں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔