سعودی سپورٹس فیڈریشن نے عطیات فوڈ بینکس میں جمع کروائے ہیں۔ فوٹو ٹوئٹر
سعودی عرب کے شہر جدہ میں لاک ڈاؤن کے ’قرنطینہ فٹنس مہم‘ کے تحت 33 ہزار ڈالر سے زائد کے عطیات جمع کیے گئے جنہیں غریبوں کو کھانے فراہم کرنے والے خیراتی ادوروں کو دی گئی۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی سپورٹس فیڈریش کے تحت شروع کی جانے والی اس مہم میں شہریوں کو آن لائن فٹنس کلاسیں دی جاتی تھیں۔ ان کلاسز میں شامل ہونے والے پانچ ہزار پانچ سو سعودی شہریوں نے عطیات دینے کا وعدہ کیا ہے۔
’آپکا گھر آپکا جم‘ نامی مہم کا آغاز لاک ڈاؤن کے دوران ماہ رمضان میں ہوا تھا جس کا مقصد گھر میں بند شہریوں کو صحت مند لائف سٹائل اپنانے پر راغب کرنا تھا۔
مہم کے دوران جمع کیے گئے عطیات فوڈ بینکس کو دے دیے گئے تھے جو رمضان کے دوران ضرورت مند افراد میں خوارک تقسیم کرتے تھے
آن لائن فٹنس ویڈیوز کے ذریعے مختلف ایکسرسائز کروائی جاتی تھیں اور اس دوران صارفین کو کوئی نہ کوئی فٹنس چیلنج بھی دیا جاتا تھا۔ ان میں سے اکثر فٹنس چیلنج میں کامیابی کے بعد اپنی ورک آؤٹ ویڈیوز دیگر صارفین کے ساتھ شیئر کرتے۔
مقامی ٹرینرز کی ٹیم نے اس فٹنس مہم کے فروغ کے لیے مختلف ایکسرسائزز پر بنی ہوئی ویڈیوز بھی شیئر کیں جن کی مدد سے صارفین خود گھر میں ورک آؤٹ کرتے رہے۔
سعودی سپورٹس فیڈریشن کے صدر شہزادہ خالد بن الولید بن طلال نے کہا کہ اس مہم میں حصہ ڈالنے والے ہر شخص نے نہ صرف چست زندگی گزارنے کا عہد کیا بلکہ دوسروں کو بھی ترغیب دی۔
شہزادہ خالد کا کہنا تھا کہ ’آپکا گھر آپکا جم‘ مہم میں مزید تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کا آغاز صحت کے مسائل کے جواب میں ہوا تھا لیکن اب یہ لائف سٹائل گائیڈ میں تبدیل ہوگئی ہے۔
شہزادہ خالد کا کہنا تھا کہ گروپ ایکٹویٹی کے ذریعے بیشتر مثبت نتائج حاصل کرنے میں مدد ملی۔ نہ صرف صحت کے شعبے میں بلکہ مثبت رویے اپنانے کے علاوہ عوامی فلاح کے لیے کوشش کی گئی۔
سعودی فیڈریشن کی اس مہم نے لاک ڈاؤن کے دوران مختلف عمر کے لوگوں کو چست اور صحت مند رہنے اور صحت مندانہ عادات اپنانے کی حوصلہ افزائی کی ہے۔
اپریل کے آخر تک چالیس لاکھ لوگ اس مہم کا حصہ بنے جو اس دوران گھر پر ایکسرسائز کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے رہے ہیں۔