Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تعلیم دنیا کی بہتری کے لیے استعمال کریں‘

ملالہ یوسفزئی کو 2014 میں امن کے نوبل ایوارڈ سے نوازا گیا تھا (فوٹو:سوشل میڈیا)
پاکستان کی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے آکسفرڈ یونیورسٹی سے اپنی گریجویشن کی تعلیم مکمل کرلی ہے جس پر ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے ٹوئٹر پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کی ہے۔
اس ویڈیو میں ملالہ یوسفزئی یہ پیغام دے رہی ہیں کہ 'آپ نے تعلیم حاصل کی ہے اور اب یہ وقت ہے کہ آپ باہر نکل کر اسے دنیا کی بہتری کے لیے استعمال میں لائیں۔' 
یوٹیوب نے اس ویڈیو کے ساتھ لکھا ہے کہ 'یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کہ آپ نے بطور کلاس 2020 کی ممبر ہمارے ساتھ اپنے احساسات شیئر کیے ہیں۔'

ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے یوٹیوب کی جانب سے ملالہ یوسف زئی کو گریجویشن مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے  لکھا کہ ’یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کہ آپ نے کلاس 2020 کی ممبر ہونے کی حیثیت سے ہمارے ساتھ اپنے احساسات بانٹے ہیں۔'
یوٹیوب نے 'کلاس 2020' کے عنوان سے رواں سال گریجوئیٹ ہونے والے طالب علموں کی کامیابی کا جشن منانے کے لیے آن لائن تقریب منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا۔
کورونا وائرس کی وجہ سے موجودہ صورتحال میں طلبا گریجویشن تقریبات میں شرکت نہیں کرسکتے اس لیے یوٹیوب نے آن لائن تقریب کا اہتمام کیا جس میں طلبا نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ملالہ یوسفزئی نے یوٹیوب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں وضاحت کی کہ 'ابھی چار امتحان باقی ہیں لیکن پھر بھی شکریہ۔'

 
سوشل میڈیا صارفین ملالہ یوسفزئی کو اس کامیابی پر مبارکباد دے رہے ہیں۔

فالو می کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ 'ملالہ آپ عظیم ہیں۔ آپ نے ہزاروں لوگوں کو متاثر کیا ہے اور خواتین کے حقوق اور انسانی حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھی۔'

فیصل امجد نامی صارف نے لکھا کہ 'مبارک ہو ملالہ، ایسے وقت میں جب ہم جان لیوا وائرس سے نبردآزما ہیں پاکستان کے لیے یہ واحد اچھی خبر ہے۔'

ایک اور صارف ماجد علی نے لکھا کہ 'ملالہ ہماری قابل فخر بیٹی ہے اور جہالت دہشتگردی کے خلاف امن شعور اور انسانیت کی علامت ہے ۔ مبارک ہو میری پیاری بہن ملالہ'

انس ٹیپو نامی صارف نے لکھا کہ 'ملالہ اب آکسفورڈ گریجویٹ ہیں۔'
پاکستان کی وادی سوات سے تعلق رکھنے والی ملالہ یوسفزئی کو 2014 میں امن کے نوبل ایوارڈ سے نوازا گیا تھا، اس وقت ان کی عمر صرف 17 سال تھی۔

شیئر: