Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک دن میں کورونا سے 105 ہلاکتیں

پاکستان میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا ٹیسٹ کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 105 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جس کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد دو ہزار 172 تک پہنچ گئی ہے۔ سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہو رہی ہیں جہاں اب تعداد 773 تک پہنچ گئی ہے۔
منگل کی صبح نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 24 ہزار 620 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے چار ہزار 646 مثبت آئے۔
پاکستان میں اب تک ایک لاکھ آٹھ ہزار سے زیادہ افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جن میں سے 35 ہزار اٹھارہ صحت یاب ہو چکے ہیں۔

 

واضح رہے کہ پاکستان میں دو ماہ تک لاک ڈاؤن رکھا گیا تھا جس کے بعد مرحلہ وار کاروبار کھولنے کی اجازت دی گئی۔ گزشتہ ماہ رمضان کے اواخر اور عید کی چھٹیوں کے دوران ملک میں کورونا کے متاثرین کی تعداد تیزی سے بڑھی۔
وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ دنوں تسلیم کیا کہ وائرس پھیل رہا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن اس کا حل نہیں ہے کیونکہ اس سے غریب لوگ معاشی طور پر متاثر ہوتے ہیں۔
پاکستان کے صوبہ سندھ میں وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 679 اور خیبر پختونخوا میں 587 ہو گئی ہے۔ بلوچستان میں عالمی وبا سے 58 اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 52 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
حکومت کی جانب سے شہریوں پر حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے لیے زور دیا جا رہا ہے جبکہ کئی شہروں میں ایسے کاروبار بند کر دیے گئے ہیں جہاں ایس او پیز کی خلاف ورزی کی جا رہی تھی۔

شیئر: