بیرون ملک سے آنے والے سعودیوں کے لیے نئے ایس او پیز
بیرون ملک سے آنے والے سعودیوں کے لیے نئے ایس او پیز
جمعرات 11 جون 2020 18:05
ہاوس آئسولیشن کے قواعد پر عمل کرنا لازمی ہوگا (فوٹو، ٹویٹر)
کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد سعودی عرب سمیت کئی ملکوں میں فضائی سروس بند کردی گئی تھی جس کی وجہ سے لاکھوں افراد مختلف ممالک میں رہنے پر مجبور تھے۔
سعودی حکومت کی جانب سے اپنے شہریوں کی واپسی کے لیے خصوصی انتظامات کے گئے جن کے تحت واپس آنے والوں کو بہترین قرنطینہ اور آئسولیشن سینٹرز میں رکھا جاتا تھا۔
وزارت صحت نے واپس آنے والے سعودیوں کے لیے ’ہاؤس آئسولیشن‘ کے نئے ضوابط جاری کیے ہیں جن پر عمل کرنا از حد ضروری ہے۔ آنے والے مسافروں کو اقرار نامے پر دستخط کرنا ہوں گے کہ وہ مقررہ ضوابط کی مکمل پابندی کرتے ہوئے محفوظ طریقے سے مقررہ مدت تک گھروں میں قیام اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر وزارت صحت سے رابطہ کریں گے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے سعودیوں کو اب حکومتی سینٹرز کے بجائے اپنے گھر میں مقررہ قواعد کے مطابق 14 دن آئسولیٹ ہونا ہوگا۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ نئے ایس او پیز کے مطابق بیرون ملک سے آنے والوں کا ایئر پورٹ پر ابتدائی طبی معائنہ کیا جائے گا ۔ ایسے افراد جن میں بیماری کی کوئی علامت نہ پائی جائے یا ایسے افراد جن میں معمولی درجہ یا ابتدائی نوعیت کی کوئی علامت ہو اور انہیں فوری اسپتال منتقل کرنے کی ضرورت نہ ہو انہیں مخصوص ہدایات کے تحت گھر جانے کی اجازت ہوگی۔
ایسے مسافر جن کو ’ہوم آئسولیشن‘ کے لیے وزارت صحت کی جانب سے ہدایت کی گئی ہو انہیں انسداد وبائی امراض کی جانب سے مرتب کردہ ایس او پیز فراہم کیے جائیں گے جن کی پابندی کرنا ان پر لازم ہوگا۔
ہاؤس آئسولیشن کے لیے لازمی ہے کہ مقررہ سماجی فاصلے کے اصول پر مکمل طور پرعمل کیا جائے۔ ایسے تمام افراد کا ڈیٹا وزارت کے ویب سائٹ پر موجود ہو گا جس کا اندراج ’ تطمن‘ اور ’توکلنا‘ ایپ پر کیا جائے گا۔
گھریلو قرنطینہ اور آئسولیسن کے بارے میں فراہم کیے جانے والے ضوابط میں ان طریقوں کی بھی وضاحت کی گئی ہے جن پر عمل کرتے ہوئے کوئی بھی شخص خود کو گھر میں محفوظ طریقے سے محدود کر سکتا ہے۔
وزارت صحت نے کورونا کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے بارے میں مزید یاد دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ جو بھی شہری اپنا طبی معائنہ کرانے کا خواہاں ہو اسے چاہئے کہ وہ ’ سیلف اسسمنٹ‘ ایپ کے تحت اس خدمت سے مستفیض ہو سکتا ہے جبکہ وزارت کی جانب سے مملکت کے مختلف شہروں میں کورونا وائرس کے حوالے سے مفت ٹیسٹنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اس ضمن میں مملکت بھر میں 214 ہنگامی طبی مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں کورونا ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
وزارت صحت کا واٹس اپ نمبر 920005937 بھی مخصوص ہے جس پر کوئی بھی شہری اپنے کوائف بتا کر صحت کے حوالے سے معلومات حاصل کر سکتا ہے۔