’گزشتہ جمعرات اور جمعہ کو ریٹیل و ہول سیل کی دکانوں میں تفتیشی دورے کیے گیے‘ ( فوٹو: سبق)
جدہ میونسپلٹی نے کرفیو کی خلاف ورزی پر 101 دکانوں کو سربمہر کردیا ہے۔ مذکورہ دکانوں کے مالکان نے کرفیو کے وقت کاروبار کھلا رکھا تھا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق میونسپلٹی کے سکریٹری انجینئر محمد بن ابراہیم الزہرانی نے کہا ہے کہ ’گذشتہ جمعرات اور جمعہ کو مختلف شاپنگ مالز، تجارتی مراکز اور شہر کی ریٹیل و ہول سیل کی دکانوں میں ہونے والے تفتیشی دورووں کے دوران متعدد خلاف ورزیاں پکڑی گئی ہیں۔‘
’دورے کے دوران متعدد دکانیں بند کی گئیں جن میں بقالے، ریستوران، کیفے ٹیریا اور دیگر شامل تھیں۔‘
’کورونا وائرس کے انسداد کے لیے حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی کے علاوہ کرفیو کے دوران کاروبار جاری رکھنے پر بھی دکانیں بند کردی گئیں۔‘
انہوں نے بتایا ہے کہ ’ جن دکانوں کو کھولنے کی اجازت ہے اس پر لازم ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر پر مکمل طور پر عمل کریں۔‘
’دکان میں جگہ جگہ فاصلہ رکھنے کے لیے زمین پر نشانات ثبت ہوں، دروازوں پر سینیٹائزر، ماسک اور دستانوں کا بھی موجود ہونا ضروری ہے۔‘
’دکان میں کام کرنے والے ملازمین وزارت صحت کے طے شدہ ضوابط کی مکمل پابندی کریں، اسی طرح سامان کے بھی ضوابط ہیں جن کی پابندی لازم ہے۔
’کرفیو کے دوران دکان کھولنے کے لیے اجازت نامہ ضروری ہے۔‘ ( فوٹو: سبق)
انہوں نے کہا ہے کہ ’دوپہر تین بجے سے صبح چھ بجے تک کرفیو ہے جس کے دوران کاروبار کی اجازت نہیں، صرف ضروری اشیا فروخت کرنے والی دکانوں کو کھلا رکھنے کی اجازت ہے۔‘
’کرفیو کے اوقات میں دکان کھولنے کے لیے اجازت نامہ ضروری ہے، اجازت نامے کے بغیر دکان کھولنا خلاف ورزی ہے جس پر دکان چند دنوں کے لیے بند کردی جائے گی۔‘