Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد نبوی کے اطراف میں ہوٹل کھل گئے

ہوٹلز میں مقرر کردہ حفاظتی تدابیر کی پابندی کی ہدایت کی گئی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں مسجد نبوی میں نماز پر پابندی ختم کرنے کے فیصلے کے بعد اطراف کے ہوٹل زائرین کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔
مسافروں کو نئے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر حفاظتی تدابیر کی پابندی کی ہدایت کی گئی ہے۔
مکہ اخبار کے مطابق ابھی مسجد نبوی کے شمالی حصے کے کچھ ہوٹل زائرین کے لیے کھولے گئے ہیں۔ جنوبی اور مغربی سمت کے ہوٹل ابھی نہیں کھولے گئے۔
ہوٹلوں پر کوئی پابندی نہیں کہ وہ کس عمر کے لوگوں کو رہائش کی سہولت فراہم کریں اور کن کو رہائش نہ دیں۔
محکمہ سیاحت نے مسجد نبوی کے اطراف میں موجود تمام ہوٹلوں پر پابندی عائد کی ہے کہ وہ ریزرویشن شروع کرنے سے قبل وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر حفاظتی تدابیر مکمل کرلیں۔
مقامی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بعض ہوٹلوں میں ابھی تک صرف تین سے 20 فیصد تک بکنگ ہوئی ہے۔
مکہ اخبار کے ذرائع نے بتایا ہے کہ مسجد نبوی کے اطراف ہوٹلوں میں بکنگ کے نرخ مناسب ہیں۔ رمضان سمیت تین ماہ کی بندش کے بعد ہوٹلوں کے مالکان مسافروں کو پرکشش کرایوں کی پیشکشیں کر رہے ہیں۔
مدینہ منورہ سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق مسجد نبوی کے صحن کے بالمقابل واقع دوسری کلاس کے ہوٹلوں کے کرایے 350 ریال سے لے کر 1200 ریال تک ہیں۔ یہ وہ ہوٹل ہیں جو مسجد نبوی کے شمالی صحنوں کی طرف کھلتے ہیں۔ کرایے ہوٹل کے کمرے کے  محل وقوع کے حوالے سے الگ الگ ہیں۔

بعض ہوٹلوں میں ابھی صرف تین سے 20 فیصد تک بکنگ ہوئی ہے (فوٹو: مکہ اخبار)

بعض زائرین کمرے کی بکنگ کے ساتھ تینوں وقت کا کھانا بھی بک کرا رہے ہیں تاکہ انہیں کھانا باہر سے نہ منگوانا پڑے۔
مقامی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام نے ہوٹلوں پر پابندی لگا دی ہے کہ وہ ڈائننگ ہالز میں اوپن بوفے کا سلسلہ ابھی نہ شروع کریں۔
کئی ہوٹل ایسے ہیں جو باہر سے کھانا منگوانے اور لانے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔ یہ پابندی زائرین کی صحت و سلامتی کی خاطر لگائی گئی ہے۔

شیئر: