Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شیشہ ٹوٹنے پر جہاز کی ہنگامی لینڈنگ

'لی' مسلسل مُکے برسانے کے بعد شیشے کی پہلی تہہ توڑنے میں کامیاب ہو گئیں (فوٹو: وائبو)
چین میں مسافر طیارے کو اس وقت ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی جب نشے میں مدہوش ایک خاتون مسافر نے جہاز کی کھڑکی کا شیشہ توڑ دیا۔
خاتون کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ اپنے بوائے فرینڈ سے تعلقات میں ناکامی پر پریشان تھیں۔
اخبار دی سن کے مطابق یہ واقعہ گذشتہ ماہ چین کی مقامی لونگ ایئرلائن کے طیارے میں دوران پرواز  پیش آیا تھا۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ 25 مئی کی فلائٹ میں 29 سالہ خاتون 'لی' اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ پائیں اور انہوں نے جہاز کی کھڑکی کا شیشہ توڑ دیا۔
چین میں وائبو اور دیگر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 'لی' اپنی سیٹ پر بیٹھی چلا رہی ہیں اور جہاز کی کھڑکی کا شیشہ توڑنے کی کوشش کر رہی ہیں حالانکہ جہاز کے عملے کے ارکان انہیں روکنے اور پرسکون کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
'لی' مسلسل مُکے برسانے کے بعد کھڑکی کے شیشے کی پہلی تہہ کو توڑنے میں کامیاب بھی ہو گئیں۔
لونگ ایئرلائن کی یہ فلائٹ ژننگ سے مشرقی چین کے ساحلی شہر یانشینگ جا رہی تھی تاہم خاتون مسافر کی جانب سے کھڑکی کا شیشہ توڑنے کی وجہ سے پائلٹ کو ہینن صوبے کے دارالحکومت زینگ زو کے ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
 دی گارڈین کے مطابق زینگ زو پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کو ان کے بوائے فرینڈ نے چھوڑ دیا تھا اور اس کے ردعمل میں یہ واقعہ پیش آیا۔

خاتون مسافر بوائے فرینڈ سے تعلقات میں ناکامی پر پریشان تھیں (فوٹو: وائبو)

پولیس کے مطابق 'لی' نے جہاز میں سوار ہونے سے قبل ایک لٹر چینی ساختہ گرین الکوحل پی رکھی تھی جس میں الکوحل کی مقدار 35 سے 60 فیصد ہوتی ہے۔
خوش قسمتی سے دورانِ پرواز اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ جہاز کا عملہ زینگ زو ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے قبل 'لی' کو پرسکون کرنے میں کامیاب رہا اور پھر انہیں پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔  
پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ 'لی' کتنی دیر ان کی حراست میں رہیں یا ان پر کوئی جرمانہ بھی عائد کیا گیا اور کیا جہاز کو نقصان پہنچانے پر ان سے جرمانہ وصول کیا گیا۔

شیئر: