امریکہ سے 2 ماہ میں 8 ہزار 500 سعودیوں کو وطن لایا گیا(فوٹو، ٹوئٹر)
کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے ساتھ ہی سعودی عرب سمیت کئی ممالک نے ملکی اور بین الاقوامی سفر پر پابندی عائد کر دی تھی جس کی وجہ سے مختلف ممالک میں موجود لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سعودی حکومت نے اپنے شہریوں کو واپس لانے کے لیے دو ماہ قبل خصوصی پروازوں کے ذریعے ریٹرن آپریشن کا آغاز کر دیا تھا۔ اس ضمن میں سعودی وزارت خارجہ نے ویب سائٹ پر مختلف ممالک میں موجود اپنے ان شہریوں کے اندارج کا آغاز کیا جو افراد واپسی کے خواہشمند تھے۔
امریکہ میں سعودی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران امریکہ سے 8 ہزار 500 شہریوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے وطن واپس لایا جاچکا ہے ۔
مقامی ویب نیوز ’اخبار 24 ‘ کے مطابق امریکہ میں سعودی سفارتخانے کے نائب ناظم الامورسامرالخراشی کا کہنا ہے کہ اپریل کے مہینے میں 3 ہزار کے قریب ہم وطنوں کو 27 پروازوں کے ذریعے واشنگٹن، لوس اینجنلیس ،نیویارک ، ہیوسٹن اور شیکاگو سے مملکت لایا گیا۔
گزشہ ماہ مئی میں امریکہ کے مختلف شہروں سے 5 ہزار 500 کے قریب سعودی طلبہ اور عام شہریوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے مملکت لایا گیا۔
نائب ناظم الامور کا مزید کہنا تھا کہ ہم وطنوں کی واپسی کا آپریشن ہنوز جاری ہے مزید 80 پروازوں کا شیڈول تیار کیا گیا ہے جن کے ذیعے 16 سے 20 ہزار سعودیوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔
واضح رہے کورونا وائرس کی وبا کے بعد سعودی حکومت نے خصوصی طور پر مختلف ممالک میں مقیم اپنے شہریوں کی واپسی کےلیے بیرون ملک اپنے سفارتخانوں کو خصوصی احکامات جاری کیے تھے جن کے تحت سفارت کار اپنے شہریوں کی ضروریات کا ہر طرح سے خیال رکھتے اگر انہیں طعام و قیام کی ضرورت ہوتی تو انہیں سفارتخانے کی جانب سے مہیا کیا جاتا ہے۔
خصوصی پروازوں میں کورونا سے بچاو کے لیے سماجی فاصلے کے اصول کے تحت ایک سیٹ خالی رکھنے کی وجہ سے واپس آنے والوں کی تعداد کم ہو جاتی ہے۔
واپس آنے والے شہریوں کے طبی معائنہ کے لیے تمام ہوائی اڈوں پروزارت صحت کے کاونٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں طبی عملہ ہمہ وقت موجود ہوتا ہے جو آنے والوں کا ابتدائی طبی معائنہ کرکے اس امر کا جائزہ لیتا ہے کہ مسافروں میں کسی قسم کا وائرس تو موجود نہیں ہے۔