وزارت خارجہ نے شہریوں کے لیے آن لائن اندراج کا انتظام کیا ہے-(فوٹو ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بیرون مملکت موجود سعودیوں کو وطن واپس لانے کے لیے تمام سہولتیں فراہم کرنے کا حکم نامہ جاری کیا ہے-
وزارت خارجہ نے واپسی کے خواہشمند شہریوں کے لیے آن لائن اندراج کا انتظام کیا ہے-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی دفتر خارجہ نے بیان میں بتایا ہے کہ’ شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر بیرون مملکت موجود سعودیوں کو وطن واپس لانے کے لیے انتظامات شروع کردیے گئے-
ترجمان کے مطابقیہ فیصلہ نئے کورونا وائرس کی وبا سے عوام کو بچانے اور ان کی صحت و سلامتی کی خاطر کیا گیا ہے-
سعودی دفتر خارجہ نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اتوار سے پانچ دن تک اندراج کرالیں- شہریوں کی وطن واپسی کا انتظام ہنگامی بنیادوں پر کیا جائے گا جو نئے کورونا وائرس کی وبا سے بہت زیادہ متاثرہ ملکوں میں موجود ہیں۔ ایسی خواتین جوامید سے ہیں انہیں پہلی فرصت میں واپس لایا جائے گا-
دفترخارجہ نے کہاکہ’ وطن واپس آنے والے تمام سعودیوں کو چودہ روز تک قرنطینہ میں رکھا جائے گا اور یہ کام وزارت صحت کے تعاون سے انجام دیا جائے گا‘-
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ جو سعودی وطن واپس آنا چاہتے ہوں وہ مشترکہ نمبر 920033334 پر رابطہ کرکے استفسارات کے جوابات حاصل کرسکتے ہیں-
دریں اثنا وزارت صحت نے یقین دلایا ہے کہ بیرون مملکت سے وطن واپس آنے والے شہریوں کی میزبانی کے لیے ہوٹلوں کے گیارہ ہزار کمرے تیار کردیے گئے ہیں-
وزیر نقل و حمل صالح الجاسر نے بتایا ہے کہ محکمہ شہری ہوابازی نے شاہی ہدایات کی تعمیل میں مقامی شہریوں کی وطن واپسی کے انتظامات شروع کردیے ہیں-
سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) مختلف ممالک کے ہوائی اڈوں کے ساتھ پروازوں کے انتظامات کررہی ہے-
ریاض کےکنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ اور دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر باہر سے آنے والے سعودیوں کا خیر مقدم کیا جائے گا-