Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک دن میں چھ پروازیں ، مزید 1234 پاکستانیوں کی وطن واپسی

اسلام آباد جانے والی پرواز سے بیس میتیں بھی بھیجی گئی ہیں۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب سے خصوصی پروازوں کے ذریعے پاکستانیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔جدہ ، دمام اور ریاض سے  اتوار کو مزید چھ  پروازوں کے ذریعے مزید 1234 مسافر روانہ ہوئے ہیں۔
دمام سے اتوار کو دو خصوصی پروازیں 140،140 مسافروں کو لے کر سیالکوٹ جبکہ تیسری خصوصی پرواز ریاض سے 250 افراد کو لے کر اسلام آباد روانہ ہوئی۔ 
 سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد جانے والی پرواز سے بیس میتیں بھی بھیجی گئی ہیں۔
جدہ سے تین پروازیں چلائی گئیں۔پہلی پرواز سے 282 دوسری سے184 مسافر لاہور جبکہ تیسری پرواز سے 238 افراد اسلام آباد روانہ ہوئے ہیں۔
جدہ ،دمام  اور ریاض ائیرپورٹ پر مسافروں کو الوداع کرنے کے لیے سفارتخانے کے حکام  موجود تھے۔
 یاد رہے کہ دمام سے سنیچر کی شام ایک دن میں تین پروازوں سے 530 پاکستانیوں کی واپسی ہوئی تھی۔ پی آئی اے کی دو پروازوں سے 280 مسافر ملتان روانہ ہوئے جبکہ ایک خصوصی پرواز 250  پاکستانیوں کو لے کر لاہور پہنچی تھی۔ 
سنیچر کی صبح جدہ اور مدینہ سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے)  کی چار پروازوں کے ذریعے مزید 780 پاکستا نی وطن پہنچے تھے۔
توقع ہے کہ خصوصی پروازیں دونوں ممالک کے مابین معمول کی پروازوں کے دوبارہ شروع ہونے تک جاری رہیں گی۔
یاد رہے کہ 16جون 2020 کے بعد سے خصوصی پروازوں کی ٹکٹیں براہ راست پی آئی اے اور اس کے مجاز ٹریول ایجنٹوں کے ذر یعے فروخت کی جا رہی ہیں۔ اب ٹکٹ کے حصول کے لیے سفارتحانے یا قونصلیٹ آنے کی ضرورت نہیں ہے۔

 ریاض اور دمام سے  اب تک 30 خصوصی پروازیں چلائی گئی ہیں۔ (فوٹوٹوئٹر)

یکم مئی 2020 سے اب تک جدہ سے پی آئی اے کی 27 پروازوں کے ذریعے تقریبا پانچ ہزار 700 سے زیادہ پاکستانی سعودی عرب کے مغربی علاقے سے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔
 ریاض اور دمام سے 30 خصوصی پروازوں کے ذریعے پانچ ہزار 174 پاکستانی وطن واپس جا چکے ہیں۔ 
 ریاض میں سفارتخانہ اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ ، پی آئی اے کے قریبی تعاون سے ان خصوصی پروازوں کے انتظامات دیکھ رہا ہے۔
سعودی عرب میں اس وقت ہزاروں پاکستانی وطن واپسی کے خواہش مند ہیں جن میں سے بیشتر وزٹ یا بزنس ویزے پر آئے تھے یا وہ سفری پابندیوں کے باعث واپس نہیں جا سکے تھے۔

شیئر: