پاکستانیوں کی واپسی تیز، دمام سے ایک دن میں تین پروازیں
پاکستانیوں کی واپسی تیز، دمام سے ایک دن میں تین پروازیں
اتوار 21 جون 2020 5:27
جدہ اور مدینہ سے چار پروازوں کے ذریعے 780 پاکستانی واپس گئے تھے ۔ (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب سے خصوصی پروازوں کی تعداد میں اضافے کے بعد پاکستانیوں کی واپسی کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔ دمام سے ایک دن میں تین پروازوں سے مزید 530 پاکستانیوں کی واپسی ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ سنیچر کی صبح جدہ اور مدینہ منورہ سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی چار پروازوں کے ذریعے مزید 780 پاکستا نی وطن پہنچے تھے۔
دمام سے سنیچر کی شام پی آئی اے کی دو پروازوں سے 280 مسافر ملتان روانہ ہوئے جبکہ ایک خصوصی پرواز 250 پاکستانیوں کو لے کر لاہور روانہ ہوئی۔
ریاض میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق لاہور جانے والی پرواز سے تین میتیں بھی بھیجی گئی ہیں۔
دمام ائیرپورٹ پر مسافروں کو الوداع کرنے کے لیے سفارتخانے کے حکام موجود تھے۔
توقع ہے کہ خصوصی پروازیں دونوں ممالک کے مابین معمول کی پروازوں کے دوبارہ شروع ہونے تک جاری رہیں گی۔
یاد رہے کہ 16جون 2020 کے بعد سے خصوصی پروازوں کے ٹکٹس براہ راست پی آئی اے اور اس کے مجاز ٹریول ایجنٹوں کے ذر یعے فروخت کیے جا رہے ہیں۔ اب ٹکٹ کے حصول کے لیے سفارتحانے یا قونصلیٹ آنے کی ضرورت نہیں ہے۔
کووڈ 19 کے پھیلنے کی وجہ سے معمول کی بین الاقوامی پروازوں کی معطلی کے بعد حکومت پاکستان نے سعودی عرب سمیت مختلف ممالک سے پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو وطن واپس بھیجنے کے لیے پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔
یکم مئی 2020 سے اب تک جدہ سے پی آئی اے کی چوبیس پروازوں کے ذریعے تقریبا پانچ ہزار سے زیادہ پاکستانی سعودی عرب کے مغربی علاقے سے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔
ریاض اور دمام سے 27 خصوصی پروازوں کے ذریعے چار ہزار 644 پاکستانی وطن واپس جا چکے ہیں۔
ریاض میں سفارتخانہ اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ ، پی آئی اے کے قریبی تعاون سے ان خصوصی پروازوں کے انتظامات دیکھ رہا ہے۔
سعودی عرب میں اس وقت ہزاروں پاکستانی وطن واپسی کے خواہش مند ہیں جن میں سے بیشتر وزٹ یا بزنس ویزے پر آئے تھے یا وہ سفری پابندیوں کے باعث واپس نہیں جا سکے تھے۔