بین الاقوامی پروازوں پر پابندی برقرار ہے ، السعودیہ
15 برس سے کم عمر کے بچوں کو تنہا سفر کی اجازت نہیں ہے۔(عرب نیوز)
سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے کہا ہے کہ ہر عمر کے بچوں کو السعودیہ کی پروازوں سے اپنے رشتہ داروں کے ہمراہ سفر کی اجازت ہے البتہ 15 برس سے کم عمر کے بچوں کو تنہا سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق السعودیہ نے بیان میں کہا کہ 15 برس سے کم عمر کے بچوں کے سفر پر پابندی بچوں کی صحت و سلامتی کی خاطر لگائی گئی ہے-
السعودیہ نے ایک بار پھر کہا ہے کہ کورونا وائرس سے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر بین الاقوامی پروازوں پر پابندی جاری ہے اور یہ ہدایت ثانی تک پابندی کا سلسلہ برقرار رہے گا۔
بیان کے مطابق ان دنوں سعودی عرب میں مقیم ان غیرملکیوں کو جو وطن واپس جانا چاہتے ہوں اور وہ ’عودہ‘ پلیٹ فارم پر وطن واپسی کی درخواست پیش کررہے ہیں انہیں سپیشل پروازوں کے ذریعے ان کے وطن پہنچایا جارہا ہے۔
السعودیہ کا کہنا ہے کہ مملکت بھر میں تمام ہوائی اڈوں کے لیے داخلی پروازیں مکمل طور پر رفتہ رفتہ بحال کردی جائیں گی۔