Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاداب، حیدر علی، حارث رؤف کورونا کا شکار

ٹیسٹنگ سے قبل ان کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی کوئی علامات نہیں پائی گئی تھیں (فوٹو:ٹوئٹر)
پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے تین کھلاڑیوں حیدر علی، شاداب خان اور حارث رؤف میں کورونا وائرس کی تصدیق کی ہے۔ تینوں کھلاڑیوں کا ٹیسٹ اتوار کو ہوا تھا جس کی رپورٹ اب سامنے آئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پیر کو جاری کی گئی پریس ریلیز میں بتایا ہے کہ کرکٹر حیدر علی، شاداب خان اور حارث رؤف کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔
ٹیسٹنگ سے قبل ان کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی کوئی علامات نہیں پائی گئی تھیں ۔ 
پی سی بی کے مطابق ان تینوں کھلاڑیوں کو سیلف آئسو لیشن میں جانے کی ہدایت کر دی گئی ہے جبکہ پی سی بی کا میڈیکل پینل ان کھلاڑیوں سے رابطے میں رہے گا۔
عثمان شنواری اور عماد وسیم کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں کو 24 جون کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی سی بی کے مطابق شعیب ملک، کلف ڈیکن اور وقار یونس کےعلاوہ سکواڈ میں شامل دیگر تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کوویڈ 19 ٹیسٹ پیر کو مکمل کرلیے گئے ہیں۔ سکواڈ میں شامل ان اراکین کے ٹیسٹ چار مختلف شہروں، راولپنڈی، لاہور، کراچی اور پشاور میں لیے گئے۔ 
پی سی بی کی جانب سے جیسے ہی یہ خبر سامنے آئی سوشل میڈیا پر کرکٹ شائقین ان کھلاڑیوں کی جلد صحت یابی کی دعائیہ پوسٹیں کرنے لگے اور اس وقت ان تینوں کھلاڑیوں کے نام سے ٹرینڈ بھی بنا ہوا ہے۔

حسن الیاس نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ 'خدا حیدر، شاداب اور حارث کو اچھی صحت عطا کرے اور وہ جلد صحت یاب ہوں۔'

سپورٹس جرنلسٹ زینب عباس نے لکھا کہ 'حیدر علی، شاداب خان اور حارث رؤف کا انگلینڈ دورے سے قبل کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ان کی جلد صحت یابی کے دعا گو ہیں۔'

مانی ٹویٹس کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ 'خدا انہیں مکمل صحت عطا کرے۔ برائے مہربانی ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کریں۔'
 

شیئر: