گھروں میں چوری کرنے والا غیرملکی گروہ گرفتار
ملزمان کا تعلق عرب ملک سے ہے۔(فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب کے شہر ریاض میں پولیس نے گھروں میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث تین رکنی غیر ملکی گروہ کو گرفتار کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ریجنل پولیس ترجمان کرنل شاکر التویجری کا کہنا ہے کہ پولیس کو ریاض شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور چوریوں کی اطلاعات موصول ہوئی تھی جس پر پولیس نے خفیہ محکمہ کے اہلکاروں پرمشتمل تفتیشی ٹیم تشکیل دی تاکہ ملزمان کو گرفتار کیا جاسکے۔
تفتیشی ٹیم نے جلد ہی ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کر لیا۔ ملزمان کی عمریں 30 سے 40 برس کے درمیان ہیں جن کا تعلق عرب ملک سے ہے۔
ملزمان نے ریاض شہر کے مختلف علاقے جن میں العلیا، السلیمانیہ ، المعذر اور المنار شامل ہیں میں ڈکیتی کی وارداتیں کی تھیں جہاں سے انہوں نے تقریبا پانچ لاکھ ریال مالیت کے زیورات اور نقد رقم چرائی تھی۔
پولیس ترجمان نے بیان میں مزید کہا کہ ملزمان کے پاس سے کچھ مسروقہ مال بھی برآمد ہو گیا ہے۔
گروہ کے خلاف ابتدائی رپورٹ درج کرکے انہیں محکمہ تحقیقات اور استغاثہ کے سپرد کر دیا گیا جہاں ان سے مکمل تحقیقات کے بعد چالان کرمنل کورٹ میں جمع کرایا جائے گا۔
-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں