Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین اور انڈیا کا کشیدگی کم کرنے پر اتفاق

انڈین فوج کے ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات 11 گھنٹوں تک جاری رہی (فائل فوٹو: روئٹرز)
انڈین اور چینی فوجیوں کے درمیان لداخ میں جھڑپ کے ایک ہفتے بعد دونوں ممالک نے کشیدگی کم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چین اور انڈیا کے اعلیٰ فوجی کمانڈرز کے درمیان مذاکرات کے بعد چین کے وزیر خارجہ زہاؤ لیجیان نے کہا ہے کہ دونوں ممالک نے کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے پیر کے روز انڈیا اور چین کے فوجی کمانڈرز کی ملاقات ہوئی تھی۔
خبر رساں ادارے  پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق ملاقات کمانڈر 14 کور لیفٹننٹ جنرل ہریندر سنگھ اور تبت ملٹری ڈسٹرکٹ کے کمانڈر میجر جنرل لیو لن کے درمیان ہوئی تھی۔
ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چین کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اس ملاقات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک اپنے اختلاف ختم اور مذاکرات کے ذریعے کشیدگی کم کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے فوجی کمانڈرز نے سرحدی علاقوں میں قیام امن کے حوالے سے اپنے خیالات کا تبادلہ کیا اور بات چیت جاری رکھنے پر بھی اتفاق ہوا۔
انھوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ طور پر سرحدی علاقوں میں امن کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

انڈیا اور چین کے فوجی اہلکاروں کے درمیان جھڑپ 15 جون کو ہوئی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

انڈیا کی جانب سے اب تک اس حوالے سے کوئی بیان نہیں آیا ہے۔ تاہم انڈین فوج کے ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات 11 گھنٹوں تک جاری رہی، جس کے بعد گیشیدگی کم کرنے پر باہمی اتفاق کیا گیا۔ 
انڈیا اور چین کے فوجی اہلکاروں کے درمیان جھڑپ 15 جون کو ہوئی جس میں پتھروں، لوہے کے ڈنڈوں اور چھڑیوں کا استعمال کیا گیا تھا۔
اس میں انڈیا کے 20 اہلکار ہلاک ہوئے تھے اور یہ 1975 کے بعد پہلی بار تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان سرحد پر فوجی ہلاک ہوئے ہوں۔ 
 

شیئر: