Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آکسیجن سلنڈر مفت دینے والے مسلمان دوستوں کے چرچے

دونوں دوست اب تک ڈھائی سے تین سو سلنڈر فراہم کر چکے ہیں (فائل فوٹو: پکسابے)
انڈیا میں کورونا وائرس کے مریضوں میں روزانہ ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے اور اس سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹر اور بطور خاص ممبئی شہر ہوا ہے۔
کورونا کے مریضوں کے لیے ہسپتالوں کی کمی اور علاج کی ناقص صورت حال کے باوجود بہت سے ایسے لوگ ہیں جو اس وبائی مرض کے خلاف لڑنے کے لیے اپنا سب کچھ نچھاور کر رہے ہیں۔
ایسے ہی دو مسلمان دوست ہیں جنہوں نے کورونا کے مریضوں کے لیے مفت آکسیجن سلنڈر فراہم کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے اور اس کے لیے انہوں نے اپنی کار تک فروخت کر دی ہے۔
خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق دو دوست شہنواز حسین اور عباس رضوی ممبئی میں کووڈ 19 کے مریضوں کے لیے مفت آکسیجین سلنڈر فراہم کر رہے ہیں۔
اے این آئی کے مطابق شہنواز نے کہا 'اب تک ہم ڈھائی سے تین سو سلنڈر فراہم کر چکے ہیں۔ کوئی بھی ہم سے آ کر سلنڈر لے سکتا ہے بس اسے ڈاکٹر کا نسخہ دکھانا ہے کہ وہ کورونا سے متاثر ہے۔'
جبکہ ان کے دوست عباس رضوی نے بتایا کہ ان کی کزن جو چھ ماہ کی حاملہ تھیں وہ آکسیجین کی کمی کی وجہ سے جانبر نہ ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ 'اسی وقت میں نے یہ محسوس کیا کہ لوگوں کو آکسیجن حاصل کرنے میں کس قدر دقت کا سامنا ہے۔'
عباس نے بتایا کہ ان کے دوست 'شہنواز نے سلنڈر فراہم کرانے کے لیے اپنی ایس یو وی کار تک فروخت کر دی۔'
این ڈی ٹی وی کے مطابق 31 سالہ شہنواز حسین نے کہا کہ اس وبا کے دوران لوگوں کو ہسپتالوں میں بیڈ اور آکسیجین کا ملنا دشوار ہے۔
بہت سے لوگوں نے ان دونوں دوستوں کی کوششوں کو سراہا تو کئی لوگوں نے یہ سوال بھی کیا ہے کہ 'بڑا سوال یہ ہے کہ جب بڑے بڑے ہسپتال آکسیجن سلنڈر کے لیے پریشان ہیں تو انھیں کہاں سے ملا؟
شہنواز حسین نے کہا ہے کہ 'ہم نے شہر بھر کے ہسپتالوں کا حال دیکھنے کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ جسے بھی فوری طور پر آکسیجن سلنڈر کی ضرورت ہوگی اسے ہم فراہم کریں۔ ہم لوگ اس میں امیر غریب یا ہندو مسلم کی تفریق نہیں کر رہے ہیں۔ جو کوئی ہمارے پاس ڈاکٹر کا نسخہ لے کر آتا ہے ہم اسے  ممبئی بھر میں آکسیجن سلنڈر فراہم کرا رہے ہیں۔'
انھوں نے بتایا کہ آکسیجن کا سلنڈر 48 گھنٹوں کے لیے فراہم کیا جاتا ہے۔ عباس نے مزید بتایا کہ زیادہ تر آکسیجن کی ضرورت رات میں محسوس ہوتی ہے اور وہ روزانہ کی بنیاد پر دس سے پندرہ سلنڈر فراہم کر رہے ہیں۔
اسی طرح اس سے قبل ممبئی میں کچھ ہاؤسنگ سوسائٹیز نے اپنی سطح پر آکسیجن سلنڈرز کی فراہمی کا انتظام کیا تھا اور وہ بغیر کسی منافع کے سلنڈر فراہم کر رہی ہیں۔
اورچڈ انکلیو ہاؤسنگ میں تقریبا 300 اپارٹمنٹس ہیں اور وہاں آکسیجن سلنڈر کا انتظام کیا گیا ہے اور ویڈیو کے ذریعے بتایا گیا ہے کہ ناگہانی صورت حال میں آکسیجن کا کس طرح استعمال کرنا ہے۔
ہاؤسنگ سوسائٹی کے سیکرٹری اقبال عثمانی نے ایک میڈیا ہاؤس کو بتایا کہ ان کی انتظامیہ نے کس طرح ضرورت کے مطابق آکسیجن سلنڈر کے ساتھ آکسی میٹر حاصل کیا تاکہ لوگوں کو فوری امداد پہنچائی جا سکے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے ریکارڈ تازہ 15 ہزار 968 کیسز سامنے آئے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

دریں اثنا انڈیا میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 15 ہزار 968 کیسز سامنے آئے ہیں اور مجموعی تعداد ساڑھے چار لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 465 اموات ہوئی ہیں جو کہ نیا ریکارڈ ہے اور اس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 14 ہزار 476 ہو گئی ہے۔
مہاراشٹر میں اب تک تقریبا ایک لاکھ 40 ہزار کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اس کے بعد دارالحکومت دہلی کا نمبر ہے جہاں اب تک 66 ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

شیئر: