مکہ اور مدینہ منورہ میں گرد آلود ہوا، حد نگاہ متاثر ہونے کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی اور وسطی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر ہوگی ( فوٹو: سیدتی)
محکمہ موسمیات نے مدینہ منورہ میں موسم کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’آج صبح 9 بجے سے شام 8 بجے تک تیز ہوا چلے گی جس کے باعث دھول اڑنے کا خدشہ ہے۔‘
’گرد آلود ہوا کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہونے کا امکان ہے۔ یہ صورتحال مدینہ کے علاوہ الحناکیہ، العلا اور المہد میں بھی ہوگی‘۔
محکمہ موسمیات نے اسی طرح کا انتباہ مکہ ریجن میں بھی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ کے علاوہ جدہ، رابغ، خلیص، اللیث اور قنفذہ میں مطلع گرد آلود رہے گا۔‘
دوسری طرف سبق ویب سائٹ کے مطابق ماہر موسمیات حسن کرانی نے کہا ہے کہ ’مغربی اور وسطی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر ہوگی اور سایے میں درجہ حرارت 48 ڈگری تک ہونے کا خدشہ ہے۔‘
انہوں نے دھوپ سے بچنے اور کھلے مقامات میں کام کرنے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’دھوپ میں درجہ حرارت 50 ڈگری سے تجاوز کر جائے گا‘۔