Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اس سے سب چھین لیا لیکن وہ ٹُوٹی نہیں‘

اداکارہ ترپتی دمری نے بلبل کا کردار نبھایا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
بالی وڈ سٹار انشوکا شرما کے پروڈکشن ہاؤس سے ریلیز ہونے والی فلم ’بلبل‘ ایک ایسے سماجی مسئلے کی عکاسی کرتی ہے جو صرف جنوبی ایشیا تک ہی محدود نہیں بلکہ مغربی ممالک بھی اس کا شکار ہیں۔
یہ کہانی ایک کم سن بچی ’بلبل‘ کی ہے جس کی شادی اس سے عمر میں کئی سال بڑے بااثر اور امیر شخص سے کر دی جاتی ہے۔ 
انوشکا شرما کی پروڈیوس کی گئی اس فلم میں ادھیڑ عمر شخص کا کردار اداکار راہول بوز نے نبھایا ہے جو پانچ سالہ بلبل سے شادی کرتا ہے۔
انوشکا شرما نے فلم کا ٹریلر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’انہوں نے اس سے سب چھین لیا لیکن وہ ٹوٹی نہیں۔‘
ویسے تو یہ فلم 1881 کے دور کی عکاسی کرتی ہے جب بنگال کو برطانوی راج کے دوران پریزیڈنسی کا درجہ حاصل تھا، لیکن اس فلم میں اجاگر کیے گئے مسئلے کو اکیسویں صدی میں بھی شکست نہیں دی جا سکی۔
یہ فلم صرف نسوانی حقوق کی پامالی اور معاشرتی ناانصافی کا شکار ہونے والی ایک بچی کی ہی نہیں ہے بلکہ ایک مضبوط عورت کی بھی ہے جو سماجی زیادتیوں کے خلاف لڑتی ہے۔
بلبل فلم کو سوشل میڈیا پر کافی سراہا جا رہا ہے۔ شائقین کے خیال میں انوشکا شرما نے اس فلم کے ذریعے ایک اہم مسئلے کو مثبت انداز میں اجاگر کیا ہے۔
اس سے قبل انوشکا شرما پروڈکشن ہاؤس نے پھلوری اور پاری فلم بھی بنائی تھی جس میں خواتین کے مضبوط کردار کو اجاگر کیا گیا تھا۔
راہول بوز کی اداکاری کی بھی تعریف کی جا رہی ہے جنہوں نے بیک وقت دو مختلف کردار نبھائے ہیں۔ ٹوئٹر صارف چاندنی رات کے خیال میں راہول بوز کا یہ سب سے بہترین کردار تھا جس کو انہوں نے کامیابی اور لگن کے ساتھ نبھایا۔ 
فلم کی کہانی کی ہی نہیں بلکہ خوبصورت سینز اور سنیماٹاگرافی کی بھی تعریف کی جا رہی ہے۔ ٹوئٹر صارف سارتھ نے فلم میں نئے اداکاروں کی تعریف کرتے ہوئے انہیں سپورٹ کرنے کا کہا۔
بلبل فلم کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث سنیما گھروں میں دکھانے کے بجائے نیٹ فلکس پر ریلیز کی گئی ہے۔

شیئر: