Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلامتی کونسل کی رکنیت، سعودی عرب نے امارات کی حمایت کر دی

امارات سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست کا امیدوار ہے (فوٹو عاجل)
سعودی عرب نے سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست کے لیے متحدہ عرب امارات کی حمایت کر دی ہے۔
یاد رہے کہ امارات 23-2022 کے لیے سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست کی رکنیت کا امیدوار ہے۔ سعودی عرب نے تمام ملکوں سے کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں امارات کی حمایت کریں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اقوام متحدہ میں سعودی سفارتی مشن کے نائب سربراہ ڈاکٹر خالد منزلاوی نے اقوام متحدہ میں چین کی سربراہی میں ہونے والے ایشین اور بحر الکاہل گروپ کے وڈیو اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات کے اعتدال پسندانہ نقطہ نظر سے اتفاق کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امارات دنیا بھر میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہتا ہے۔
ڈاکٹر خالد منزلاوی کا کہنا تھا کہ امارات نے پائدار ترقی، امن و سلامتی اورعالمی تعاون سے گہرا تعلق رکھنے والے اہم مسائل کے حل میں کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امارات، مشرق وسطیٰ نہیں بلکہ پوری دنیا میں پائدار امن کے قیام کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے اور انسانی مسائل کے حوالے سے پوری دنیا میں واضح نقوش چھوڑ رہا ہے۔

امارات نے ہمیشہ روا داری کے کلچر اور امن کے پیغام کو فروغ دیا ہے(فوٹو سبق)

اقوام متحدہ میں سعودی سفارتی مشن کے نائب سربراہ کا کہنا تھا امارات نے ہمیشہ روا داری کے کلچراور امن کے پیغام کو فروغ دیا ہے۔ تنازرعات کو پرامن طریقوں سے طے کرنے والی سفارتکاری کو اپنی پہچان بنا رکھا ہے۔
ڈاکٹر منزلاوی نے بیان میںیہ بھی کہا کہ امارات نے ہمیشہ مشترکہ جدوجہد کی پابندی کی ہے، اقوام متحدہ کے منشور کا احترام کیا اور کثیر فریقی سفارتکاری کو فروغ دینے میں بھرپور حصہ لیا۔

شیئر: