Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے بچاؤ: انڈین شہری نے سونے کا ماسک بنوا لیا

شنکر کو سونے کے زیورات پہننے کا شوق ہے (فوٹو: روئٹرز)
کورونا وائرس کی وبا پھیلنے اور اس سے بچاؤ کے لیے ماسک کو ضروری قرار دیے جانے کے بعد دنیا بھر میں طرح طرح کے ڈیزائن کے ماسک دیکھنے کو مل رہے ہیں لیکن کیا کوئی اس حد تک بھی جا سکتا ہے کہ سونے کا ماسک ہی تیار کروا لے؟
انڈیا کی ریاست مہاراشٹر کے شہر پُونے میں ایک شخص نے تقریباً تین لاکھ  انڈین روپے کا ماسک بنوایا ہے۔
انڈین نیوز ایجنسی اے این آئی اور این ڈی ٹی وی کے مطابق شنکر کرادے کا کہنا ہے کہ ’یہ ایک باریک ماسک ہے جس کے اندر چھوٹے چھوٹے سوراخ ہیں تاکہ سانس آسانی سے لی جا سکے، لیکن مجھے یہ معلوم نہیں ہے کہ اس کا کوئی فائدہ بھی ہے یا نہیں۔‘

 

شنکر نامی اس شخص کو سونے کے زیورات پہننے کا شوق ہے اور تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سونے کے ماسک کے علاوہ ان کے ہاتھوں میں سونے کی انگوٹھیاں اور گلے میں سونے کی چینز ہیں۔
انہیں یہ آئیڈیا سوشل میڈیا پر چاندی کا ماسک پہنے ایک شخص کو دیکھ کر آیا۔
’میں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو دیکھی جس میں کولا پور کے ایک آدمی نے چاندی کا ماسک پہنا ہوا تھا تو میں سوچا کہ سونے کا ماسک بنوایا جائے۔ میں نے سونار سے بات کی جنہوں نے ایک ہفتے کے اندر مجھے یہ ماسک بنا کر دیا۔‘
شنکر نے مزید کہا کہ ’میرے سارے خاندان کو سونا پسند ہے اور اگر انہیں یہ ماسک اچھا لگا تو میں ان کے لیے بھی بنواؤں گا۔ مجھے یہ معلوم تو نہیں کہ یہ ماسک مجھے کورونا سے بچا سکے گا یا نہیں لیکن حکومت کی طرف سے وبا سے بچاؤ کے لیے جاری کی گئی ہدایات پر عمل کرنے سے کورونا سے بچا جا سکتا ہے۔‘
واضح رہے کہ انڈیا میں کورونا وائرس بہت تیزی سے پھیل رہا ہے اور یہ ملک دنیا میں متاثرین کے لحاظ سے روس کے بعد چوتھے نمبر پر ہے۔ انڈیا میں کورونا متاثرین کی تعداد ساڑھے چھ لاکھ کے قریب ہے اور 18 ہزار 655 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: