زلفی بخاری: روزویلٹ ہوٹل کو نقصان میں کیوں چلائیں؟
زلفی بخاری: روزویلٹ ہوٹل کو نقصان میں کیوں چلائیں؟
اتوار 5 جولائی 2020 14:38
زلفی بخاری نے کہا کہ ہم روزویلٹ ہوٹل کو بیچنے کی بات نہیں کر رہے (فوٹو:فلکر)
وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی اور سیاحت کے ادارے نیشنل ٹورازم بورڈ کے چیئرمین سید زلفی بخاری نے کہا ہے کہ روزویلٹ ہوٹل نے پچھلے سال 15 لاکھ کا نقصان دیا، اس ہوٹل کو نقصان میں کیوں چلائیں؟
اتوار کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'حکومت پاکستان نے روزویلٹ ہوٹل کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی، ہم اس ہوٹل کو بیچنے کی بات نہیں کر رہے۔'
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پی آئی اے بہتر ہوئی ہے اور نہ ہی اس کی ملکیت روزویلٹ ہوٹل بہتر ہوا۔
سیاحت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے 2020 سے 2030 تک 10سالہ پالیسی اور ایکشن پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔ 'برانڈ پاکستان' کے نام سے پاکستان نے سیاحت کے لیے اپنا برانڈ بنا لیا ہے جسے رواں سال لانچ کر دیا جائے گا۔
'سیاحت سے متعلق دیگر ملکوں کی طرح پاکستان کا برانڈ بنایا گیا ہے۔ اس برانڈ کو 18 اپریل کو لانچ کیا جانا تھا مگر کورونا کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی۔'
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان میں سیاحت کے حوالے سے ایک ای پورٹل بھی بنایا جائے گا۔ 'نیشنل ای پورٹل پر پاکستان میں سیاحت کے حوالے سے بکنگ وغیرہ کی تمام تفصیلات موجود ہوں گی۔'
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ 2021 میں پاکستان ورلڈ ٹورازم فورم کی میزبانی کرے گا اور آٹھ ممالک کے سیاحت کے وزرا بھی پاکستان کا دورہ کریں گے۔
ملک میں پی ٹی ڈی سی کے موٹلز کی بندش اور ملازمین کا نوکریوں سے نکالے جانے کے حوالے سے زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پی ٹی ڈی سی کو بند نہیں کیا جا رہا بلکہ اس میں ریفارمز لے کر آ رہے ہیں اور اسے ری سٹریکچر کریں گے۔
ان کے بقول 'برطرف ملازمین کے حوالے سے ہم نے یونینز کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنے کی کوشش کی مگر انہوں نے بہترین گولڈن ہینڈ شیک لینے سے انکار کر دیا۔'
دامن کوہ کا ذکر کرتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی نے سوچا کے دامن کوہ کو خود چلائیں مگر یہ کئی سال سے بند پڑا ہے جبکہ دیگر ہوٹلز لاکھوں روپے کما رہے ہیں۔
'میں وعدہ کرتا ہوں کہ ہم پی ٹی ڈی سی کو منافعے میں لے کر آئیں گے۔'