Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شناختی کارڈ لائیں اور لائسنس لے جائیں

صارفین گرمی کے باعث کافی کو ٹھنڈے مشروبات سے بدلنے کے خواہاں دکھائی دیے (فوٹو راولپنڈی پولیس)
بہت سے لوگوں کے لیے ڈرائیونگ سیکھنے یا کرنے سے زیادہ مشکل کام ڈرائیونگ لائسنس بنوانا ہوتا ہے۔ شاید اسی مشکل کو مدنظر رکھ کر ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے عمل کو آسان کرنے کے لیے مختلف کاوشیں کی جاتی رہتی ہیں۔
راولپنڈی میں ٹریفک پولیس کی جانب سے انتظام کیا گیا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے خواہشمندوں کو کاغذات وغیرہ کی جھنجھٹ سے محفوظ رکھتے ہوئے لائسنس حاصل کرنے کا عمل آسان کیا جائے۔
راولپنڈی پولیس کی جانب سے لائسنس بنوانے کے لیے آنے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ صرف اپنا شناختی کارڈ لے کر آئیں، ٹیسٹ پاس کریں اور مفت کافی پینے کے ساتھ اپنا لائسنس بھی حاصل کریں۔
ضلع راولپنڈی کے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ڈاکٹر تاجک سہیل حبیب نے ٹوئٹر پر اس اطلاع کے تصویری ثبوت شیئر کیے تو ساتھ ہی اسے ’پاکستان میں پہلی بار‘ بھی قرار دیا۔
 

سوشل میڈیا صارفین نے مفت کافی کے ساتھ ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی نسبتا باسہولت آفر دیکھی تو مراعاتی پیکج میں اضافے کی خوب خوب کوشش کی۔
عاکفہ نامی ہینڈل نے لکھا ’میرے پاس ڈرائیونگ لائسنس تو ہے کیا میں صرف کافی لے سکتی ہوں؟‘
 

ضمیر احمد کا سوال تھا کہ اگر وہ کافی نہ پسند کرتے ہوں تو کیا ملے گا؟ جس پر انہیں فوری جواب میں ’کوکا کولا‘ کی پیشکش کی گئی۔

گفتگو کا حصہ بننے والے کچھ صارفین نے پہلے سے لائسنس رکھنے والوں کی مشکل کی نشاندہی کی تو لکھا کہ لائسنس رینیول کے لیے بھی کچھ ایسا نظام ہونا چاہیے جس کے تحت ڈرائیونگ لائسنس برانچ آنے کے بجائے آن لائن ہی تجدید کرائی جا سکے۔

محمد عثمان بھی لائسنس بنوانے میں حائل ایک مشکل کے ذکر کے ساتھ سامنے آئے تو استدعا کی کہ مستقل رہائش کے علاقے کے علاوہ کسی اور علاقے میں رہنے والوں کو بھی وہیں سے لائسنس بنوانے کی سہولت مہیا کی جانی چاہیے۔

عبید عباسی نے کافی کو بدلنے کے معاملے پر بہت سے دیگر سوشل میڈیا یوزرز کی ترجمانی کی تو ڈاکٹر تاجک سہیل حبیب اور راولپنڈی پولیس کے دیگر ہینڈلز کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’موسم بہت گرم ہے، لیمن جوس کی پیشکش ہونی چاہیے‘۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں لائسنس کی نئی سہولت ممکنہ طور پر ضلع بھر کے ان افراد کے لیے مفید ہو گی جو اب تک انتظامی مسائل کی وجہ سے لائسنس نہیں بنوا سکے تھے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: