علاج معالجے کے لیے ہیلتھ سینٹرز کی خدمات حاصل کرتے رہیں۔(فوٹو عاجل)
سعودی وزارت صحت نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس لگنے کے ڈر سے ہیلتھ سینٹرز جانا بند نہ کریں- ہنگامی حالات اور طے شدہ تاریخ اور وقت پر طبی معائنے اور علاج معالجے کے لیے ہیلتھ سینٹرز کی خدمات حاصل کرتے رہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت نے یہ وضاحتی بیان ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ’صحت کے ساتھ جیو‘ کے زیرعنوان صحت آگہی کے لیے جاری کیا ہے۔
وزارت صحت نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے کہا ہے کہ ایمرجنسی کیسز، مقررہ تاریخ اور وقت پر ہیلتھ سینٹرز جانے میں خوف محسوس نہ کریں۔
گھر سے ہیلتھ سینٹر کے لیے نکلتے وقت حفاظتی ماسک، سماجی فاصلے اور ہاتھوں کی صفائی جیسے حفظان صحت کے ضوابط کی پابندی ضرور کریں۔
واضح رہے کورونا وائرس کے حوالے سے وزارت صحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ معمراور مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد خصوصی احتیاط کریں کیونکہ یہ وائرس متعدی بیماریوں کے حامل جسم پر فوری طور پر حملہ آور ہوتا ہے۔
بیماریوں میں مبتلا افراد کی قوت مدافعت پہلے ہی کمزور ہوتی ہے جبکہ کورونا وائرس ان کی قوت مدافعت کو مزید کمزور کر دیتا ہے اس لیے معمر اور متعدی بیماریوں میں مبتلا افراد کو چاہئے کہ وہ خصوصی احتیاط برتیں اور گھروں سے باہر نہ جائیں ماسک کا استعمال لازمی کریں۔ اگر گھر کے کسی فرد کو بخاروغیر ہ ہے تو اس کے قریب نہ جائیں۔