Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ فلم پروڈکشن کے لیے کمیٹی تشکیل دینے پر متفق

پاکستان اور سعودی عرب نے مشترکہ پروڈکشن، گانے، فلم اور ڈاکیومنٹریز کی تیاری کے لیے کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاقِ رائے پاکستان کے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور سعودی عرب کے وزیر برائے میڈیا سلمان بن یوسف الدوسیری کی ریاض میں ہونے والی ملاقات میں ہوا۔
بدھ کو ہونے والی ملاقات میں پاکستان کے وزیر اطلاعات نے سعودی ہم منصب کو سعودی میڈیا فورم کے چوتھے ایڈیشن کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔
ملاقات میں صحافیوں کے تبادلے اور تربیتی پروگراموں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
دونوں وزرا نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے اور مشترکہ تعاون بڑھانے اور غلط معلومات اور پروپیگنڈے سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقعے پر عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب ہمارا دوسرا گھر ہے، دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون سے خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔‘
’پاکستان سعودی وژن 2030کی حمایت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ڈیجیٹل سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون کے لیے سنہری مواقع موجود ہیں۔‘
عطاءاللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ’سعودی میڈیا فورم کے زیرِاہتمام کانفرنس محض تقریب نہیں بلکہ یہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے میڈیا کے لیے ایک موقع ہے کہ وہ باہمی تعاون کی نئی راہیں تلاش کریں۔‘
’شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب وژن 2030 کے اہداف سے آگے بڑھ چکا ہے۔ سعودی قیادت نے ملک کی مثالی ترقی میں تاریخی کردار ادا کیا ہے، ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔‘

شیئر: