اللیث بلدیہ کا اہلکار کورونا کا شکار، دیگر اہلکاروں کے بھی ٹیسٹ
اتوار 12 جولائی 2020 10:58
اللیث میونسپلٹی کے اہلکار کے ساتھ کام کرنے والوں کا کورونا ٹیسٹ لیا گیا ہے (فوٹو: عاجل)
اللیث میونسپلٹی نے کہا ہے کہ اس کا ایک اہلکار کورونا کا شکار ہوگیا ہے جس سے میل جول رکھنے والے پہلی فرصت میں وزارت صحت سے رجوع کریں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کورونا کا شکار ہونے والے اہلکار سے ملاقات کرنے والوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ صحت یابی کی تصدیق ہونے تک خود کو گھروں تک محدود کر لیں۔
میونسپلٹی نے ٹوئٹر پر اپنے اکاؤنٹ میں کہا ہے کہ ’سعیا سروس دفتر میں کام کرنے والے بلدیہ کے اہلکار میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جس پر اسے فوری طور پر وزارت صحت کے قرنطینہ مرکز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔‘
’مذکورہ اہلکار کے دفتر کو سینیٹائز کیا جا رہا ہے اور اس کے ساتھ کام کرنے والوں کا کورونا ٹیسٹ لیا گیا ہے۔‘
’جن لوگوں نے سعیا سروس دفتر میں مذکورہ اہلکار کے ساتھ معاملات انجام دیے ہیں یا میل جول رکھا ہے وہ اپنا کورونا ٹیسٹ کروائیں۔‘
’وزارت صحت کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے نتائج آنے تک ان لوگوں کو چاہیے کہ وہ خود کو علیحدہ رکھیں۔‘