سعودی وزیر خزانہ اور ساما کے گورنر صدارت کریں گے(فوٹو، سوشل میڈیا)
جی 20 کے وزرائے خزانہ سعودی عرب کی قیادت میں 18 جولائی بروز ہفتے کو وڈیو اجلاس منعقد کریں گے- بین الاقوامی اقتصادی توقعات پر تبادلہ خیال کیاجائے گا جبکہ پائدار مستحکم عالمی معیشت کے لیے مشترکہ جدوجہد میں یکجہتی کے لیے اقدامات زیر بحث آئیں گے-
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان اور سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی (ساما) کے گورنر ڈاکٹر احمد الخلیفی اجلاس کی صدارت کریں گے-
مارچ 2020 کے دوران ہنگامی وڈیو سربراہ اجلاس کے دوران جی 20 کے قائدین نے وزرائے خزانہ اور سینٹرل بینکوں کے گورنروں کو جو اختیارات تفویض کیے تھے ان کی پابندی کرتے ہوئے وہ کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے جملہ ضروری اقدامات اور مستقبل میں بحرانوں کے اثرات کم کرنے کے لیے فوری تدابیر کی بابت گفت و شنید کریں گے-
کورونا وائرس کے حوالے سے لائحہ عمل کی توثیق کی جائے گی(فوٹو، سوشل میڈیا)
وزرائے خزانہ اور سینٹرل بینکوں کے گورنرز آئندہ اجلاسوں میں مضبوط عالمی معیشت پروگرام پر عمل درآمد جاری رکھیں گے جبکہ اس حوالے سے حاصل ہونے والی پیشرفت کی بابت نومبر کے سربراہی اجلاس میں رپورٹیں پیش کی جائے گی-
جی 20 کے وزرائے خزانہ کورونا وائرس کی وبا سے متعلق گروپ کے لائحہ عمل کی توثیق کریں گے جس کا مقصد انتہائی غریب ممالک کے لیے بین الاقوامی مالی تعاون بڑھانا ہے-
جی 20 کے لائحہ عمل کے مطابق نہایت غریب ملکوں کو 14 ارب ڈالر سے زیادہ کے قرضوں کی ادائیگی ملتوی کردی گئی ہے تاکہ وہ اپنی آمدنی کے ذرائع وبا سے نمٹنے کے لیے مختص کرسکیں-