سیاحوں کی بڑی تعداد طائف کے تفریحی مقامات کا رخ کر رہی ہے۔(فوٹو سبق)
طائف، سعودی عرب کا خوبصورت ترین شہر مانا جاتا ہے۔ یہاں ہزاروں شہری اور مقیم غیرملکی موسم گرما گزارنے کے لیے پہنچ رہے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سیاحوں کی بڑی تعداد طائف کے تفریحی مقامات کا رخ کر رہی ہے۔ طائف کا موسم معتدل ہے اور موسم گرما میں ٹھنڈی ہواؤں کا لطف اٹھایا جا سکتا ہے۔
طائف کے مشہور ترین تفریحی مقامات میں ’الشفا‘ بے حد مقبول ہے۔ یہ دلکش قدرتی مناظر سے مالا مال ہے۔ یہاں کے پہاڑ، جنگلات اور آبشار ایسے ہیں جن کی نظیر سعودی عرب میں کہیں نہیں ملتی۔
الشفا قدرتی مناظر کے شائقین کے لیے خوبصورت ترین سیاحتی مرکز ہے۔
الشفا کے کوہستانی علاقوں میں دکا پہاڑ مشہور ہے۔ یہ حجاز کے کوہستانی سلسلے کا حصہ ہے۔ یہ طائف کے جنوب مغرب میں 25 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور اس علاقے کا سب سے اونچا پہاڑ ہے۔
دکا پہاڑ کی تفریح گاہ 10 ہزار مربع میٹر کے رقبے میں پھیلی ہوئی ہے۔ یہاں خیمے لگانے اور باربی کیو کی تقریبات منعقد کرنے کے لیے سہولتیں میسر ہیں۔ ہائیکنگ، روٹ اور کوہ پیمائی کا بھی انتظام ہے۔
حالیہ ایام میں الشفا سیاحتی مرکز اور بحر احمر کے ساحل پر واقع الساحل روڈ کو جوڑنے والی المحمدیہ گزرگاہ پہاڑوں کو کاٹ کر بنائی گئی ہے۔ اس کی بدولت طائف جنوب بعید سے جڑ گیا ہے جبکہ طائف اور ساحل کا راستہ 150 کلو میٹر سے بھی کم ہوگیا ہے۔
الشفا تفریح گاہ میں رہائش کی متعدد سہولتیں ہیں۔ یہ مقام قدرتی مناظر کے دامن میں آباد ہے۔ پہاڑوں، آبشاروں، جنگلوں، سبزہ زاروں اور پھلوں کے باغات کی وجہ سے ان کا حسن دوبالا ہوگیا ہے۔
یہاں سیر کے لیے آنے والے لکڑی سے بنے کمرے کرائے پر حاصل کرلیتے ہیں۔ ہوٹلوں، فرنشڈ اپارٹمنٹس اور ولاز کی سہولت بھی میسر ہے۔
فور وہیل گاڑیوں کی مدد سے آبشاروں اور پہاڑوں کے نشیبی علاقوں کی سیر کا بھی انتظام ہے۔ پہاڑی موٹر سائیکل سے بھی گھومنے پھرنے کی سہولت ہے۔ ایک پہاڑ سے دوسرے پہاڑ کا سفر طے کرنے کے لیے چیئر لفٹ بھی موجود ہے۔