Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف کے قومی پارکوں کی بہار لوٹ آئی

تمام پارکوں میں جراثیم کش ادویہ کا چھڑکاؤ کیا گیا تھا ( فوٹو: سبق)
سیاحتی اور پر فضا شہر طائف کے عوامی پارکوں کی بہار لوٹ آئی ہے، کورونا وائرس بحران کے بعد میونسپلٹی نے حفاظتی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے شہر کے تمام پارک کھول دیے ہیں جس کے بعد شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی بڑی تعداد سیر وتفریح کے لیے یہاں کا رخ کرنے لگی ہے۔

سبق ویب سائٹ کے مطابق دیگر شہروں کے مقابلے میں طائف کے پارکوں میں سب سے زیادہ لوگ سیر و تفریح کے لیے آنے لگے ہیں۔
گزشتہ روز الردف قومی پارک کے علاوہ شاہ عبد اللہ پارک، الفیصلیہ، الجال اور ام العراد پارکوں میں بڑی تعداد میں لوگ سیر و تفریح کرنے پہنچ گئے۔

طائف میونسپلٹی نے تمام پارکوں میں شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی بڑی تعداد کو خوش آمدید کرنے کی تیاری پیشگی کر رکھی تھی۔
عالمی وبا کے پیش نظر تمام پارکوں کو کھولنے سے پہلے تیار کیا گیا اور ان میں جراثیم کش ادویہ کا چھڑکاؤ کیا گیا تھا۔ سیروتفریح کے لیے آنے والوں کو تمام سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔

میونسپلٹی میں پارکوں کے شعبے کی نگراں کمیٹی نے کہا ہے کہ ’تمام پارکوں میں پلے ایریا کو سینیٹائز کیا گیا ہے، داخلی دروازوں پر آنے والوں کا درجہ حرارت دیکھا جا رہا ہے جبکہ پارک کے اندر سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔‘

’عوامی قومی پارکوں کے علاوہ محلوں کے اندر چھوٹے پارکوں کو بھی عوام کے لیے کھولا گیا ہے جہاں صفائی ستھرائی کے علاوہ حفاظتی تدابیر پر بھی عمل ہو رہا ہے۔‘

شیئر: