'اڑھائی لاکھ ورکرز کی واپسی کا وعدہ پورا کیا'
ہفتہ 18 جولائی 2020 12:18
کورونا کی وبا کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں لاکھوں پاکستانی بیرون ملک پھنس گئے تھے۔ فوٹو: اے پی پی
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کی وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں فضائی سفر میں بڑے پیمانے پر تعطل کے باوجود ان کی حکومت نے بیرون ملک پھنسے اڑھائی لاکھ پاکستانی ورکرز کو واپس لانے کا وعدہ پورا کیا۔
سنیچر کو ٹوئٹر پر اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ ان کی حکومت اوورسیز پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گی۔
واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلنے کے بعد دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے لاکھوں پاکستانی کارکن اور شہری مخلتف ملکوں میں پھنس کر رہ گئے تھے۔
گزشتہ تین ماہ کے دوران پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے نے سعودی عرب اور دیگر خلیجی ملکوں سے واپسی کے خواہش مند ہزاروں پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے خصوصی پروازیں چلائیں۔
کورونا کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملائیشیا، ترکی اور برطانیہ میں پھنسے پاکستانیوں کو بھی واپس لایا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والے ایک اجلاس کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بتایا تھا کہ 90 ہزار پاکستانی بیرون ممالک میں وطن واپسی کے منتظر ہیں جن کو جلد از جلد واپس لایا جائے گا۔
وزیر خارجہ کے مطابق دو ماہ میں 60 ممالک سے 62 ہزار پاکستانیوں کو وطن واپس لایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ 26 ممالک میں موجود تبلیغی جماعت سے وابستہ 2054 پاکستانیوں میں سے 2018 کو واپس لایا جا چکا۔
-
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں