Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بے روزگار سعودیوں کے لیے پچاس ہزار ریال تک کے قرضے

سماجی فروغ بینک نے  قرضوں کی شرائط مقرر کی ہیں۔(فوٹو عاجل)
 سعودی عرب میں سماجی فروغ بینک نے روزگار سے محروم سعودیوں کے لیے چھوٹے کاروبار چلانے کے لیے پچاس ہزار ریال تک کے قرضے فراہم کرنے کی شرائط جاری کی ہیں۔
یہ فنڈ ایسے سعودی شہریوں کو دیا جائے گا جو کسی نہ کسی پیشے یا ہنر میں دسترس رکھتے ہوں اور اپنا کام خود کرنا چاہتے ہوں۔
عاجل ویب سائئٹ کے مطابق سماجی فروغ بینک نے اپنی ویب سائٹ پرکہا کہ اس پروگرام کا مقصد روزگار سے محروم شہریوں کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔ قرضے غیر سودی ہوں گے۔  معمولی نوعیت کی کاروباری سکیم کے لیے خاص ہوں گے۔
سماجی فروغ بینک نے  قرضوں کی شرائط مقرر کی ہیں۔

شہریوں کے لیے قرضے غیر سودی ہوں گے۔( فائل فوٹو ایس پی اے)

قرضے کا امیدوار سعودی شہری ہو یا سعودی اولاد کی ایسی ماں ہو جو باقاعدہ اقامے پر مملکت میں رہ رہی ہو۔
امیدوار کی عمر 18 سے 60 برس تک  ہونی چاہیے۔  پیشہ ورانہ اور جسمانی لحاظ سے اپنا کاروبار خود کرسکتا ہو۔ اسےاقرار نامہ جمع کرانا ہوگا کہ وہ کاروبار کے کام خود انجام دے گا-
امیدوار کی کریڈٹ پوزیشن موزوں اور مستقل رہائش کاروبار کے دائرے میں ہو۔ امیدوار کو انٹرویو پاس کرنا ہوگا جبکہ تعاون کرنے والے اداروں کی شرائط  بھی امیداور کے لیےقابل قبول ہوں۔
سماجی فروغ بینک نے مزید کہا کہ امیدوار کو فنڈ کے لیے قومی شناختی کارڈ، قومی پتہ، ایبان اکاؤنٹ نمبر اور ابشر میں رجسٹرڈ موبائل نمبر جمع کرانا ہوگا۔

شیئر: