Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظہبی کے لیے جعلی کورونا ٹیسٹ دکھانے پر کارروائی

ابوظبی میں مقیم افراد ریاست سے باہر جانے سے پہلے اپنا کورونا ٹیسٹ کروانا ہوتا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
متحدہ عرب امارات میں حکام نے 100 افراد کو ابوظہبی کے بارڈر پر چیک پوسٹ سے گزرنے کے لیے کورونا ٹیسٹ کے نتائج تبدیل کرنے پر قانونی کارروائی کے لیے وفاقی حکام کے حوالے کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے وام کے مطابق قائم مقام ڈائریکٹر  فیڈرل ایمرجنسی، کرائسس اینڈ ڈیزاسٹر پراسکیوشن صالم الزابی نے کہا کہ کہ ملزمان، جن کا تعلق مختلف ممالک سے ہیں، کو پولیس نے گرفتار کیا ہے اورانہیں عدالتی کارروائی کے لیے بھیجا گیا ہے۔
الزابی کے مطابق کارروائی مختلف ریاستی اداروں کی جانب سے کوڈ19 پر قابو پانے اور اس حوالے سے ضوابط پر تمام اماراتی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی جانب سے عمل درآمد کروانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
ابوظہبی نے حال ہی میں اپنے سفر کے قواعد و ضوابط کو اپ ڈیٹ کیا ہے جس کے مطابق ریاست میں مقیم افراد 48 گھنٹوں کے لیے ابوظبی سے باہر جا سکتے ہیں۔ تاہم باہر جانے سے پہلے انہیں ابوطبی میں اپنا کورونا ٹیسٹ کروانا پڑے گا۔
بارڈر چیک پوسٹ پر موجود پولیس اہلکار ٹیسٹنگ سینٹرز سے مسیج یا الحسن ایپ کے ذریعے اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ باہر جانے والے افراد کا کورونا ٹیسٹ منفی ہے۔
الزابی نے کہا کہ ’ پبلک پراسکیوشن کا محکمہ تمام لوگوں سے گزارش کرتا ہے کہ وہ تمام حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر بشمول متعلقہ حکام کے احکامات پر عمل درآمد کریں تاکہ وہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچ سکیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان تمام افراد کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی جو کوڈ19 پر قابو پانے کے لیے اقدامات اور احکامات کی پابندی نہیں کریں گے۔

شیئر: