دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے بات چیت کے دوران کورونا بحران سمیت دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب کو پاکستان کی جانب سے کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سمارٹ لاک ڈاؤن سمیت اٹھائے گئے موثر اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کے سبب نہ صرف کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح کم ہوئی بلکہ شرح اموات میں بھی کافی حد تک کمی آئی ہے۔
پاکستانی وزیر خارجہ نے سعودی عرب کی دفاعی تنصیبات پر حوثی ملیشیا کے حالیہ میزائل حملوں کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت کی جانب سے سعودی عرب کی حمایت جاری رکھنے کےعزم کو دہرایا۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کامیاب سرجری کے بعد تیزی سے رو بصحت ہو رہے ہیں۔
وزرائے خارجہ نے اہم علاقائی و دو طرفہ امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ (فائل فوٹو: ایس پی اے)
انہوں نےکورونا وبا سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ سعودی عرب میں بھی کورونا وبا کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اس سال محدود حج کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس سال محدود حج کا فیصلہ کرونا بحران کے پیش نظر کیا گیا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے کرونا وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال سمیت اہم علاقائی و دو طرفہ امور پر باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔